Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹی 20 اور ون ڈے کیلئے قومی ٹیم کے کپتان کا اعلان کب تک متوقع ہے؟

چیئرمین محسن نقوی آج پریس کانفرنس میں اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے، پی سی بی
شائع 27 اکتوبر 2024 11:32am

ٹی 20 اور ون ڈے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا اعلان مزید تاخیر کا شکار ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہفتے کو بھی وائٹ بال کپتان کا اعلان نہ ہوسکا جبکہ کپتان کے اعلان نہ ہونے سے دورہ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈ کا بھی اعلان نہیں ہوا۔

تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج اسکواڈ اور کپتان کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کا اجلاس ہوا۔

چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے نئے کپتان کا فیصلہ کرلیا

اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹ، آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پرمشاورت کی گئی، اس کے علاوہ وائٹ بال ٹیم کے نئےکپتان کے نام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ٹیم اور کپتان سے متعلق تجاویز دیں جن پر آج مزید مشاورت کی جائے گی۔

بعدازاں چئیرمین پی سی بی محسن نقوی رات گئے اسلام آباد سے لاہور پہنچے، محسن نقوی کے ہمراہ عاقب جاوید، محمد رضوان اور سلمان علی آغا بھی لاہور پہنچے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج سہ پہر 3 بجے پریس کانفرنس میں اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے، اس پریس کانفرنس میں سلیکٹر عاقب جاوید بھی موجود ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو وائٹ بال فارمیٹ کا کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کو کپتان مقرر کرنے کی تجویز ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے دی اور سلیکٹرز نے بھی محمد رضوان کو وائٹ بال کا کپتان مقرر کرنے کی حمایت کی۔

ذرائع نے بتایاکہ سلمان علی آغا کو نائب کپتان مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

PCB

lahore

Pakistan Cricket Team

chairman pcb

mohsin naqvi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

pakistani captain