Aaj News

جمعرات, اکتوبر 24, 2024  
20 Rabi Al-Akhar 1446  

جسٹس منصور علی شاہ آج عمرے کی ادائیگی کیلئے مکہ روانہ ہوں گے

ان کی واپسی نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد ہوگی
شائع 24 اکتوبر 2024 08:35am

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ آج عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ روانہ ہوں گے، ان کی واپسی نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد ہوگی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے الوداعی ریفرنس اور نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ آج فیملی سمیت عمرے پر روانہ ہوں گے، ان کی وطن واپسی یکم نومبر کو ہوگی۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں 25 اکتوبر کو الوداعی فل کورٹ ریفرنس ہوگا، جس سے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی بھی خطاب کریں گے۔

صدر آصف علی زرداری 26 اکتوبر کو جسٹس یحییٰ آفریدی سے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں 11 بجے منعقد ہوگی، جس میں 300 مہمان شرکت کریں گے۔

جسٹس منصور علی شاہ نئے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے

اس طرح جسٹس منصور علی شاہ سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی تقریب اور نئے چیف جسٹس یخییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

دوسری جانب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کل سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جوڈیشل ورک کی وجہ سے چیمبر ورک پر چلے گئے تھے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کل کمرہ عدالت نمبر ایک میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

صدر نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دی ہے۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

umrah

justice mansoor ali shah

Chief Justice Qazi Faez Isa