پریس کلب میں خواتین اور صحافیوں پر تشدد، ایس ایچ او سمیت 8 اہلکار معطل
کراچی پریس کلب کے باہر خواتین اور صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر ایس ایچ او عیدگاہ سمیت آٹھ اہلکار کو معطل کردیا گیا۔
گزشتہ روز کراچی پریس کلب پر ہونے والے سندھ رواداری مارچ کے خلاف پولیس نے کارروائی کی تھی اور اس دوران پولیس کی جانب سے خواتین، بزرگ مظاہرین اور صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا کی جانب سے خواتین سمیت آٹھ اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔ معطل کیے جانے والے اہلکاروں میں ضلع کیماڑی کے محمد عفان اور سید امین، ضلع جنوبی کی نائلہ رحمٰن، بی بی مریم، عائشہ رحمٰن اور ڈسٹرکٹ سٹی کی مصباح راشد، بی بی آمنہ اور حنا گل شامل ہیں۔
علاوہ ازیں حکم نامے میں ایس ایس پی سی کو معاملے کی انکوائری اور معطل اہلکاروں کے خلاف متعلقہ ایس ایس پی کو محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 14 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
Comments are closed on this story.