Aaj News

جمعرات, اکتوبر 10, 2024  
06 Rabi Al-Akhar 1446  

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو قومی جرگے سے بات چیت کا اختیار مل گیا

آل پارٹیز جرگہ میں پی ٹی ایم کو کالعدم کیے جانے کے بعد صوبے کی صورتحال پرغورکیا گیا
اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2024 05:30pm
All Parties Jirga held at Peshawar CM House - Aaj News

پشاور میں آل پارٹیز جرگہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو قومی جرگہ سے بات چیت کا اختیار دے دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں وزیر اعلیٰ ہاوس میں جرگہ کا انعقاد ہوا، جرگہ میں تمام سیاسی پارٹیوں کے سربراہان اور نمائندہ گان نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ آل پارٹیز جرگے میں گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، وزیرداخلہ محسن نقوی، ایمل ولی، امیرمقام، صوبائی وزرا سمیت جماعت اسلامی کے صوبائی امیرو دیگرجماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

گرینڈ جرگے کی اندورنی کہانی بھی سامنے آئی، جس کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈ اپور نے وفاقی وزیر داخلہ سے جرگہ کا اختیار مانگا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں جرگے میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کروں گا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اس سے قبل جو بھی ہوا اس میں مجھے اعتماد میں نہیں لیا گیا، مجھے با اختیار کیا جائے۔

قومی رہنماؤں کے درمیانجرگہ کے انعقاد کی اجازات دینے پر اتفاق ہوا، قومی جرگے میں ریاست کے خلاف کسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔

جس کے بعد صوبائی اسمبلی بشمول تمام سیاسی پارٹیوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو جرگہ کا اختیار دے دیا۔ جرگہ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو افہام وتفہیم سے معاملے کو حل کرنے کے لئے جرگہ کرنے کی ذمہ داری دی۔ وزیراعلیٰ نے جرگے کی طرف سے دئیے گئے اختیار کو بشکریہ قبول کرتے ہوئے ذمہ داری قبول کی۔

انہوں نے کہا کہ معاملے کے حل کے لئے مشاورت اور لائحہ عمل کا عمل جلد مکمل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی نگرانی میں اِس جرگہ کا میزبان بن کر جرگہ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔

آل پارٹیز جرگہ میں پی ٹی ایم کو کالعدم کیے جانے کے بعد صوبے کی صورتحال پرغورکیا گیا۔ واضح رہے کہ وزیراعلی کی سربراہی میں جرگے کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جرگے میں تمام سیاسی جماعتوں نمائندگی ہوگی اور وزیر اعلی کی قیادت میں وفد قومی جرگہ سے بات کرے گا۔

اس سے قبل جرگے سے خطاب کے دوران علی امین نے کہا کہ میں شرکت پرتمام پارلیمنٹیرینزاورسیاسی قائدین کامشکور ہوں، سب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر امن کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، عام عوام ہو یا فورسز سب کی جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

علی امین گنڈا پور کا بلدیاتی نمائندوں کی مراعات اور تنخواہیں ڈبل کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ جرگے کے پرامن حل کے لیے راستے نکالنےمیں کامیاب ہوں گے، کسی بھی مسئلےکا حل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات ہی سے ممکن ہے، اس مقصد کےلیے ہم نے پشتون روایات کےمطابق آج یہ جرگہ منعقد کیا۔

گورنر کے پی فیصل کریم نے جرگے کے انعقاد پرصوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کی آمد پران کاخصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمارے سیاسی اختلافات موجود ہیں، صوبہ کا امن عوام کی خوشحالی ہماری ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور صوبہ کا مفاد ہماری ترجیحات ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، عالمی برادری مزاکرات سےمسئلہ کےحل پرمتفق ہوئی، کل خیبر میں افسوسناک واقعہ ہوا، ہم نےسب کومذاکرات پرآمادہ کرنااورمسئلہ کاحل نکالناہے۔

Ali Amin Gandapur

Grand Qaumi Jirga