Aaj News

بدھ, اکتوبر 09, 2024  
05 Rabi Al-Akhar 1446  

ٹربیونل تبدیلی کیسز: فیصل چوہدری اور چیف الیکشن کمشنر میں تکرار، تلخ جملوں کا تبادلہ

ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کوشش نہ کریں، چیف الیکشن کمشنر اپنی آواز نیچے رکھ کے بات کریں، بےعزتی کروانے نہیں آتے، وکیل کا جواب
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2024 01:35pm

اسلام آباد کے تینوں حلقوں کا الیکشن ٹربیونل تبدیل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کے دوران وکیل فیصل چوہدری اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان تکرار ہوگئی اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کوشش نہ کریں، جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ اپنی آوازنیچے رکھ کے بات کریں، ہم یہاں بے عزتی کروانے نہیں آتے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں کا الیکشن ٹربیونل تبدیل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی، عامر مغل کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ اور انجم عقیل خان کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔

الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل فیصل چوہدری اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ مجھے ابھی انجم عقیل خان کے بیٹے نے بتایا ہے کہ ان کا رابطہ نہیں ہو رہا، الیکشن کمیشن نے اسٹاف کو گزشتہ سماعت کا حکم نامہ پڑھنے کی ہدایت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے وکیل انجم عقیل خان سے پوچھا کہ آپ کیا چاہتے ہیں؟، جس پر انجم عقیل خان کے وکیل نے کہا کہ ہم نے ترمیم شدہ درخواستیں جمع کروائیں، 2 سماعتیں ہوگئی ہیں جواب نہیں آیا۔

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ میں نے ابھی وکالت نامہ جمع کرانا ہے، مجھے جواب جمع کرانے کے لیے وقت دیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے فیصل چوہدری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کوشش نہ کریں، جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ آپ اپنی آواز نیچی رکھ کر بات کریں، آپ ہماری درخواست کا فیصلہ کر دیں۔

دوران سماعت فیصل چوہدری اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان تکرار ہوگئی۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم یہاں اپنی بے عزتی کروانے نہیں آتے۔

کمرہ عدالت میں فواد چوہدری، فیصل چوہدری کو الیکشن کمیشن سے معافی مانگنے پر آمادہ کرتے رہے لیکن فیصل چوہدری نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن سے معافی نہیں مانگوں گا۔

عامر مغل کی طرف سے الیکشن کمیشن میں پیش ہوکر فیصل چوہدری نے کہا کہ عامر مغل کے بیٹے نے بتایا ہے کہ انکا رابطہ والد سے نہیں ہو پا رہا۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ آپ ساڑھے گیارہ بجے تک کیس میں جواب جمع کرائیں، جس پر فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ ساڑھے گیارہ تک جواب جمع کرانا ممکن نہیں، عامر مغل سے رابطہ کیے بغیر جواب نہیں دے سکتا۔

فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سے معافی کی درخواست کی لیکن چیف الیکشن کمشنر اٹھ کر چلے گئے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ECP

اسلام آباد

Sikander Sultan Raja

faisal chaudhry

Election Tribunal

Election Commission of Pakistan (ECP)

election tribunal change