Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں 5 ڈاکو ہلاک، وارداتوں کے دوران زیادتیاں کرتے تھے

ہلاک ڈاکوؤں سے اسلحہ, موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، ایس ایس پی ویسٹ
شائع 09 اکتوبر 2024 10:56am

کراچی کے علاقے منگھوپیرمیں خیرآباد گلشن توحید کے قریب پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے پولیس مقابلے سے متعلق تفصیلات بتائیں کہ منگھوپیر کے قریب غازی گوٹھ میں سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران گلشن توحید میں خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ 2 موٹرسائیکلوں پر ڈاکوؤں علاقے میں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی اور ایک موقع پر ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ طارق مستوئی نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ادھر اس معاملے پر چھیپا ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

طارق مستوئی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے پانچوں ڈاکوؤں کے قبضے سے ایس ایم جی اسلحہ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے، ڈاکوؤں کا گروہ علاقے میں متعدد گھر لوٹ چکا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزمان گھر میں واردات کررہے ہیں،فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو موقع پر ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جبکہ 3 ڈاکو دوران علاج ہلاک ہوگئے۔

طارق مستوئی نے بتایا کہ ایک ڈاکو کی شناخت صدام کے نام سے ہوئی، گھروں میں ڈاکہ ڈالنے کے علاوہ زیادتی کی بھی اطلاعات ہیں، ملزمان کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔

دوسری جانب نیو کراچی خمیسو گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

karachi

Police Encounter

Karachi Police