Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا مزید ایک روزہ ریمانڈ منظور

علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا مسترد
شائع 07 اکتوبر 2024 05:33pm

چار اکتوبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے موقعے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتار بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا۔ بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے علیمہ خان اند عظمیٰ خان کا مزید ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔

جج طاہر عباس نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین خان نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ ہم صبح سے انتظار کررہے ہیں لیکن ابھی تک میری بہنوں کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی بہنوں کو سڑک سے اٹھا لیا گیا تھا اور ان سے کسی کو ملنے بھی نہیں دے رہے۔

اس پر جج طاہر عباس نے جواب دیا کہ عدالت کا وقت ساڑھے 3 بجے تک ہے اور اگر اس دوران نہیں آتے تو گرفتاری غیرقانونی ہو جائے گی۔

بعد ازاں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی تھی۔

تاہم عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا مزید ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔

Physical remand

Aleema Khan

Uzma Khan