Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی وکلا کا سپریم کورٹ کے باہر احتجاج

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی وکلا نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے
شائع 27 ستمبر 2024 03:09pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا نے آئینی عدالت کے قیام کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج اور نعرے بازی کی، سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ انتظامیہ اور عدالتوں نے ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دینی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جلسے کے بجائے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج ہو گا، ہم لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے درخواست واپس لے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ انتظامیہ جلسے کی اجازت نہیں دے گی تو پھر بھی عوام باہر نکلیں گے، جلسے کے بجائے اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کریں گے۔

اس تناظر میں پی ٹی آئی کے وکلا آئینی عدالت کے قیام کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر جمع ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔

احتجاج میں ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ، اعظم سواتی،شعیب شاہین، نیاز اللہ نیازی اور راجہ بشارت بھی موجود تھے۔

پی ٹی آئی وکلا قیادت نے کہا کہ اس وقت جمہوریت کو تماشہ بنا دیا گیا ہے، آج قانون کی پامالی عروج پر ہے، سپریم کورٹ سے بڑی امید ہوتی ہے، یہ اب سپریم کورٹ کے اختیار بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی وکلا نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جس میں ’سپریم کورٹ پر حملہ نامنظور‘، ’قاضی فائز عیسیٰ استعفیٰ دو‘، ’چیف الیکشن کمشنر اور ممبر الیکشن کمیشن استفیٰ دو‘ درج تھا۔

بعدازاں پی ٹی آئی وکلاء سپریم کورٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس گیٹ تک مارچ کے بعد منتشر ہوگئے، احتجاج کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر خاردار تاریں اور پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔

Supreme Court

اسلام آباد

PTI jalsa

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

rawalpindi jalsa

pti lawyers protest