Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فائروال سے سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا کا تحفظ چاہتے ہیں، عطا تارڑ کا امریکا میں انٹرویو

9 مئی مقدمات کا فیصلہ ہونے تک عمران خان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، وزیر اطلاعات
شائع 27 ستمبر 2024 10:04am

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ فائر وال سے سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا کا تحفظ چاہتے ہیں، سائبر حملوں سے بچنے کے لیے پاکستان انٹرنیٹ سسٹم کو اپ گریڈ کررہا ہے، پاکستان دوست ملکوں کے ساتھ اس بارے میں مشاورت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ صورتحال پر مشترکہ اعلامیہ لایا جاسکے۔

نیویارک میں اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی مقدمات کا فیصلہ ہونے تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، سابق وزیراعظم اب بھی اداروں کو سیاست میں ملوث کرنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ فوج کی موجودہ قیادت سیاست میں مداخلت پر یقین نہیں رکھتی، حکومت پی ٹی آئی سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بات چیت کرتی ہے، پی ٹی آئی کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔

ایکس پر پابندی کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ٹوئٹر کو بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کے لیے استعمال کررہے، چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر پر پابندی فوری اٹھائی جائے، پابندی ہٹانے کے لیے ٹوئٹر حکام کو حکومت کے ساتھ بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل جرائم کو روکنے کے لیے کوئی نہ کوئی نظام لانا ہوگا، ڈیجیٹل جرائم روکنے کے لیے اتھارٹی کا قیام کابینہ میں زیرغورہے، فائر وال سے سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا کا تحفظ چاہتے ہیں، حکومت اظہار رائے اور صحافتی آزادی پریقین رکھتی ہے، سائبر حملوں سے بچنے کے لیے پاکستان انٹرنیٹ سسٹم کو اپ گریڈ کررہا ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ امریکا میں بھی ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کی باتیں ہورہی ہیں، ٹوئٹر(ایکس) پر پابندی کا معاملہ عدالت میں زیرالتواء ہے، ٹوئٹر سے ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر حملے کیے جاتے ہیں، یوٹیوبرز اور وی لاگرز نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کو بڑھاوا دیا، یوٹیوبر صحافتی ادارتی عمل سے خود کو مستشنی سمجھتے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی بھی شخص فون اٹھائے اورصحافی بن جائے۔

غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عزہ کی صورتحال پر تقاریر سے بڑھ کرعملی اقدام کی ضرورت ہے، پاکستان دوست ممالک کے ساتھ غزہ کی صورتحال پر مشاورت میں ہے، کوشش ہے جنرل اسمبلی کے موقع پر غزہ پر مشترکہ اعلامیہ لایا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف جنرل اسمبلی میں فلسطین کا مقدمہ توانا انداز میں پیش کریں گے، شہبازشریف مسلم امہ کی ترجمانی اور عالمی رہنماؤں کو خوشگوار حیرت میں ڈالیں گے، پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں مؤقف اپنایا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ شہبازشریف مسئلہ کشمیر، اسلامو فوبیا، دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملات پر توجہ دلائیں گے، وزیراعظم کی جنرل اسمبلی کے موقع پرعالمی رہنماؤں سے بہت سود مند ملاقاتیں رہیں، بنگلہ دیش کے نگران سربراہ محمد یونس سے ملاقات اسٹیٹیجک اعتبار سے انتہائی اہم تھی، خارجہ پالیسی ہے کہ چین کی بنیاد پر امریکا سے تعلقات متاثر نہیں ہونے چاہئیں، امریکا کو پاکستان کی اہمیت کا ادراک ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عالمی دنیا جنوبی ایشاء کے اہم ملک کو نظر انداز نہیں کرسکتی، امریکا اب بھی انسداد دہشت گردی سے متعلق پاکستان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر اتفاق پاکستانی عوام کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے، آئی ایم ایف پروگرام ملکی معیشت کو مستقل استحکام کی طرف لے کر جائے گا، تمام معاشی اشارے بتا رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بحال ہورہی ہے۔

Information Minister

united nation

New York

UN GENERAL ASSEMBLY

Attaullah Tarar

Atta Tarar

GENERAL ASSEMBLY

79th United Nations General Assembly