خواجہ آصف نے اقوام متحدہ کے سمٹ میں عالمی استحکام کی حقیقت بیان کر دی
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اقوام متحدہ کی فیوچر سمٹ سے خطاب میں واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل ہونے تک دنیا میں استحکام نہیں آسکتا جبکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے قرض کے اخراجات کم کرنا ہوں گے۔
امریکا میں منقعد اقوام متحدہ کے سمٹ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی مسائل نئی نسل کیلئے خطرہ ہیں، سو سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو مواقع مہیا کرنے کے لیے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ تب ہی تبدیلی کا باعث بنے گا جب اس میں کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کر کے منصفانہ ڈیٹا گورننس کو یقینی بنانا چاہیے، مصنوعی ذہانت کو قابو میں رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر 2024 تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں پاکستان کی کثیرالجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے، عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں ہیں اور ان کے ہمراہ وفاقی وزرا خواجہ آصف،عطاتارڑ ، خالدمقبول ، طارق فاطمی ہیں۔
Comments are closed on this story.