Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کا جوابی وار: خیبرپختونخوا کے اسپیکر نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

اسپیکر سندھ اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا
شائع 20 ستمبر 2024 12:26pm

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط کے ذریعے عدالتی فیصلے پر مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کردیا جبکہ دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چیف الیکشن کمشنر کو خطوط لکھے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

اس تناظر میں مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے لیے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔

2 صفحات پر مشتمل خط میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا کسٹوڈین ہوں اس لیے خط لکھ رہا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دے دیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مخصوص نشستوں کے معاملہ پر غیر ضروری تاخیر کی جارہی ہے، سپریم کورٹ نے آئین کی روشنی میں مخصوص نشستوں کا فیصلہ جاری کیا، عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے جس پارٹی کا حق بنتا ہے اسے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سندھ اسمبلی کی خود مختاری کو برقرار رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے، پارلیمانی نظام کی سالمیت اور آزادی برقرار رکھنا ضروری ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ نافذ العمل ہے، الیکشن کمیشن کی قانونی ذمے داری ہے پارلیمنٹ کی قانون سازی کا احترام کرے، سندھ اسمبلی کی خود مختاری برقرار رکھتے ہوئے مخصوص نشستوں کا فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن جمہوریت اور پارلیمانی بالادستی کے اصولوں کو برقرار رکھے۔

ECP

خیبر پختونخوا

Letter

reserved seats

Election Commission of Pakistan (ECP)

babar saleem swati