Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کیس: ڈی جی ایف آئی اے ذاتی حیثیت میں طلب

لاہور ہائیکورٹ نے فلک جاوید کے والد کو الگ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی
شائع 18 ستمبر 2024 12:12pm

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کیس میں گرفتار ملزم کے حوالے سے ایف آئی اے کی غفلت پر 23 ستمبر کو ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، ایف آئی اے حکام رپورٹ سمیت عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نامزد فریقین فلک جاوید کے والد بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کے سربراہ رپورٹ سمیت پیش ہوں، یہ کمپرومائزڈ سسٹم نہیں چلے گا۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر سوالات اٹھا دیے جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی رپورٹ بتاتی ہے کہ آپ کے لوگ ان سیٹوں کے اہل نہیں۔

عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیخلاف درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس

وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ گرفتار ملزم حیدر علی کا موبائل فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ متہ پولیس سٹیشن نے ملزم حیدر کو گرفتار کیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ آپ راہداری ریمانڈ مانگ رہے تھے لیکن آپ نے ملزم حیدر کو گرفتار ہی نہیں کیا، راہداری ریمانڈ اس وقت لیا جاتا ہے جب ملزم آپ کی کسٹڈی میں ہوتا ہے، متہ پولیس اسٹیشن کے پاس ملزم ہے آپ راہداری ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔

وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ گرفتار کرنے گئے تو ایس ایچ او متہ نے بتایا کہ ملزم کی ضمانت ہو چکی ہے، ملزم نے اب لاہور کی سیشن کورٹ سے عبوری ضمانت کرالی ہے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ اتنے سادہ ہیں، پولیس نے بتایا ضمانت ہوئی ہے تو آپ نے مان لیا، آپ کا زور ادھر چلتا ہے پنجاب میں جس کو دل چاہا گرفتار کر لیا، جس پر وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ کے پی پولیس ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ اس مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضمانت دی، آپ کی ایف آئی آر کا ملزم تھا آپ نے گرفتاری ڈالی نہیں، پولیس نے پیش کروا کر کیسے جوڈیشل کرایا، آپ کی ایف آئی آر میں ضمانت جوڈیشل مجسٹریٹ نے کیسے منظور کی، آپ کا تفتیشی کہاں تھا متہ پولیس سے آپ نے اپنا ملزم کیوں نہیں لیا، ابھی تو میں نے ایکس (ٹویٹر) پر لیگل بحث سننی تھی۔

عدالت نے فلک جاوید کے والد کو الگ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ آپ الگ سے درخواست دائر کریں اور اس میں اپنے تحفظات لکھیں۔

عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیو کیس : پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج

فلک جاوید کے وکیل نے کہا کہ فلک جاوید کے گھر میں 4 دفعہ چھاپے مارے گئے، ان کے ساتھ ٹھیک نہیں کیا جارہا۔

بعدازاں عدالت نے پیر کے روز ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

uzma bukhari

Lahore High Court

fake Video

azma bukhari

JUSTICE AALIA NEELUM

azma bukhari fake video