Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکا نے لبنان میں پیجرز دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوشش قابل تشویش ہے، اقوام متحدہ
شائع 18 ستمبر 2024 08:41am

امریکا نے لبنان میں پیجر دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی آپریشن میں شہری حملوں کا نشانہ نہیں ہونے چاہئیں جبکہ اقوام متحدہ نے لبنان میں کشیدگی بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوشش قابل تشویش ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ پر پیجر دھماکوں سے متعلق معلومات جمع کررہے ہیں، دھماکوں کے پیچھے کون ہوسکتا ہے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازعے کا سفارتی حل نکلے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھانے والا کوئی بھی اقدام امریکا کے لیے باعث تشویش ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ ایران عدم استحکام بڑھانے کے لیے کسی بھی واقعے کا فائدہ اٹھانے سے باز رہے۔

حزب اللہ کو کس ملک نے تقریباً ناقابل تسخیر سرنگیں بنانا سکھائیں؟ جواب آپ کو حیران کردے گا

دوسری جانب اقوام متحدہ کی جانب سے بھی لبنان میں پیجرز ڈیوائس دھماکوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوشش قابل تشویش ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سامنے آیا ہے، عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجر میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، پیجر دھماکوں میں بچے اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 200 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے کئی اراکین بھی زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پیجر دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھماکوں سے متعلق تمام حقائق، معلومات کی جانچ کے بعد اسرائیل کو مکمل ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

لبنان میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں 10 افراد جاں بحق

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والی اس مجرمانہ جارحیت کا مکمل ذمہ دار دشمن اسرائیل ہے، فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے، غدار اور مجرم دشمن کو اس جارحانہ فعل کی سزا ضرور دی جائے گی۔

Israel

Hezbollah

lebanon

US State Department

Matthew Miller

Mathew Miller

Pagers Hack