Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

افغانستان سے تعلقات کے بیان پر سینیٹر عرفان کی گنڈا پور پر کڑی تنقید

وزیراعلیٰ کے پی غلط روایت کوجنم دے رہے ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی
اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2024 02:19pm

سینیٹرعرفان صدیقی نے افغانستان سے تعلقات کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بیان پر واضح کیا ہے کہ امورخارجہ کا شعبہ صوبائی نہیں،وفاقی ہے اس لیے وفاق کی اجازت کے بغیرصوبہ کسی ملک سے مذاکرات نہیں کرسکتا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغانستان سے مذاکرات کیلیے اپنا وفد بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ علی امین گنڈاپور نے وفد بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات کرکےجوخون بہہ رہا ہےاسے روکیں گے، انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ ایپکس کمیٹی میں متعدد بار وفد بھیجنے کی درخواست کی لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔

گنڈا پور کے بیان کے بعد حکومتی اراکین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ گنڈا پور کا افغانستان سے خود مذاکرات کا کہنا فیڈریشن پر حملہ ہے، کوئی بھی صوبہ کسی ملک کے ساتھ ڈائریکٹ مذاکرات نہیں کرسکتا، ان کا بیان زہر قاتل ہے، انہوں نے ملکی سلامتی کو داؤ سے لگایا۔

اس ضمن میں اب سینیٹر عرفان صدیقی نے پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی غلط روایت کوجنم دے رہے ہیں، خارجہ پالیسی بنانا صرف وفاق کا کام ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی ہورہی ہے،وفاق کی اجازت کے بغیرصوبہ کسی ملک سے مذاکرات نہیں کرسکتا۔

afghanistan

پاکستان

Ali Amin Gandapur

Pakistan and Afghanistan