Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیا توشہ خانہ کیس: عمران، بشریٰ کا درخواست ضمانت پر جلد فیصلے کیلئے عدالت سے رجوع

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست پر جواب طلب کرلیا
شائع 12 ستمبر 2024 02:58pm

سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نیا توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت پر جلد فیصلے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر، خالد چوہدری اور فیصل چوہدری کے ذریعے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی، جس میں ریاست، احتساب عدالت اور سپیشل جج سینٹرل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ نئے توشہ خانہ کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری پر جلد سماعت کے احکامات دیے جائیں، اسپیشل جج سینٹرل کو ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر جلد فیصلے کا حکم دیا جائے۔

یاد رہے کہ 6 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی نیا توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی تھی ۔

13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7، 7 سال قیدکی سزائیں معطل کردیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں، وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کیا تھا، نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔

عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست پر جواب طلب

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ پنجاب کی وزارت داخلہ نے جواب جمع کروانا تھا، کوئی بھی نہیں آیا یہ معاملہ درست نہیں ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر جواب آنا چاہیے۔

بعدازاں عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔

accountability court

imran khan

Lahore High Court

bushra bibi

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Imran Khan Bushra Bibi

BUSHRA BIBI CASE