Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کارساز حادثہ: منشیات کیس میں ملزمہ نتاشہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی کی شرقی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی منشیات کے استعمال سے متعلق کیس میں...
شائع 11 ستمبر 2024 03:05pm

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی کی شرقی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی منشیات کے استعمال سے متعلق کیس میں درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

کراچی شرقی کی عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کارساز ٹریفک حادثے سے متعلق کیس پر سماعت کی جس کے دوران ملزمہ پر منشیات کے استعمال کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر فریقین نے دلائل مکمل کر لیے۔

سیشن عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سیشن عدالت کے مطابق ملزمہ نتاشہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ 13 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ پر آئس کے استعمال کے الزام کے پیشِ نظر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

کار ساز حادثہ: ملزمہ نتاشہ کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت مسترد

واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے ضمانت کا فیصلہ ملزمہ نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے 2 افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ ہونے کی خبروں کے بعد سامنے آیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نتاشہ کے اہل خانہ نے آمنہ کے اہل خانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر رقم ادا کردی، رقم کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آمنہ کے کسی رشتے دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ بھی ملزمہ کی صلح ہوگئی اور زخمیوں کو الگ سے رقم ادا کردی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ فریقین کے درمیان دیت کا معاہدہ شرعی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

جاں بحق افراد عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثا کی جانب سے حلف نامے بھی تیار کروالیے گئے، حلف نامے میں کہا گیا کہ ’ہمارے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، ہم نے ملزمہ کو معاف کردیا ہے، ہم نے اللہ کے نام پر معاف کیا ہے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے ، ملزمہ کو ضمانت دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ، جو حادثہ ہوا تھا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا ہے اور ہم نے بغیر کسی دباؤ کہ یہ نو آبجیکشن سرٹیفیکٹ دیا ہے‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کارساز حادثہ کیس میں پولیس نے جمع کروائے گئے عبوری چالان میں ملزمہ نتاشہ کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کو ناقابل قبول قرار دے دیا تھا۔

4 ستمبر کو کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی تھی جب کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔

2 ستمبر کو کارساز حادثہ کیس کی ایک سی سی ٹی وی (کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن) فوٹیج فرانزک جانچ کے لیے پنجاب بھیجی گئی تھی۔

2 ستمبر کو کراچی پولیس نے کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشہ دانش کو عدالت میں پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس حادثے میں باپ اور بیٹی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

31 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا دانش پر منشیات استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کار ساز حادثہ: ملزمہ نتاشہ کے شوہر دانش اقبال کی حفاظتی ضمانت منظور

29 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں تفتیشی حکام نے مقدمے میں مزید دفعات شامل کرنے کے لیے قانونی مشاروت شروع کردی تھی جب کہ 28 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی میڈیکل رپورٹ تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی تھی، پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ یورین رپورٹ میں ملزمہ کے آئس استعمال کرنے کے شواہد ملے ہیں۔

23 اگست کو کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی تھی جس میں پتا چلا کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔

21 اگست کو سٹی کورٹ کراچی نے کار ساز ٹریفک حادثے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، واقعے میں باپ اور بیٹی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

karachi

Natasha Danish

Karsaz

Karsaz Road Accident

KARSAZ ACCIDENT

NATASHA IQBAL