Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
14 Rabi ul Awal 1446  

پولیس کی وردی پہن کرٹک ٹاک بنانے والا نوسرباز گرفتار

ملزم خود کواہلکار ظاہر کرکے ٹک ٹاک ویڈیوزبناتا تھا
شائع 11 ستمبر 2024 02:52pm

ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان میمن نے کہا ہے کہ پولیس یونیفارم پہن کراور ٹک ٹاک ویڈیوز بنا کر پولیس افسر کا روپ دھارنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتاری الفلاح پولیس کی جانب سے معمول کے گشت کے دوران عمل میں آئی جہاں مشتبہ شخص کو پولیس افسر کے لباس میں ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہوئے پکڑا گیا۔

ملزم جس کی شناخت عاطف عرف وکی بابو کے نام سے ہوئی ہے، اس سے قبل اپنی ویڈیوز کے لیے سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا تھا۔ جعلی پولیس اہلکار کے خلاف الفلاح تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ 4 ستمبر کو ایک خاتون اہلکار سمیت دو پولیس کانسٹیبلز کو ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر ساؤتھ زون میں معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ساؤتھ زون پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے گزری تھانے میں تعینات خاتون کانسٹیبل ماریہ گل کو معطل کرنے کا حکم دیا۔

ٹک ٹاک ویڈیو میں معطل خاتون افسر نے اپنی ڈیوٹی لوکیشن کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ”لوگوں میں یہاں ہوں، جو بھی مجھ سے ملنا چاہتا ہے وہ یہاں آ سکتا ہے۔“ ڈی آئی جی ساؤتھ نے زور دے کر کہا کہ محکمہ پولیس ایک پیشہ ور ادارہ ہے اور اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بغدادی تھانے کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو کا سخت نوٹس لیا جس میں کانسٹیبل ذیشان کو اسلحہ دکھاتے ہوئے دکھایا گیا۔

ایس ایس پی عزیز نے بتایا کہ کانسٹیبل نے 2022 میں ویڈیو ریکارڈ کی تھی لیکن اسے 2023 میں ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ کسی بھی پولیس افسر کو اس طرح سے اسلحے کے غلط استعمال یا نمائش کی اجازت نہیں ہے۔

پاکستان

karachi

sindh