Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیس: فلک جاوید کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے کو آخری موقع

خیبرپختونخوا ہاؤس دہشت گردوں اورشرپسندوں کا اڈا ہے،عظمیٰ بخاری
شائع 10 ستمبر 2024 11:04am

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیس میں فلک جاوید کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا ہاؤس دہشت گردوں اور شرپسندوں کا اڈا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکیاں دیتے ہیں، ہم صوبوں کو لڑانا نہیں چاہتے، سب پاکستانی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے عظمیٰ بخاری کیس سے متعلق کارکردگی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ فلک جاوید کی گرفتاری کے لیے5 رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے، ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں، فلک جاوید کے بینک اکاؤنٹ سیل کیے جا رہے ہیں۔

عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیخلاف درخواست پر وکلا سے حتمی دلائل طلب

عظمی بخاری کے وکیل نے کہا کہ فلک جاوید پرسوں اسلام آباد کے جلسے میں موجود تھیں، وہ وہاں سے جلسے کی ویڈیو بنا کر پوسٹ کرتی رہیں، ایف آئی اے نے گرفتار کرنا ہوتا تو فلک جاوید کو گرفتار کرسکتے تھے مگر ایف آئی اے نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ ہم فلک جاوید کی گرفتاری کے بہت قریب ہیں، ہمیں مزید کچھ دنوں کی مہلت دی جائے۔

جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ ہماری سوسائٹی کا فیبرک ویسے ہی خراب ہو چکا ہے، ہو سکتا ہے ایک پڑھا لکھا تہذیب یافتہ نہ ہو اور ایک ان پڑھ تہذیب یافتہ ہو، یہ صرف ایک خاتون کا معاملہ نہیں ہے، یہ سوسائٹی کا مسئلہ ہے، عوام کا المیہ ہے کہ وہ یہ نہیں دیکھتے کہ مواد اصلی ہے یا نہیں، جو چیز ان کے سامنے آتی ہے اس پر اعتماد کر لیتے ہیں۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔

عظمیٰ بخاری کی میڈیا سے گفتگو

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس کیس میں میری آج چھٹی یا ساتویں پیشی تھی، یہاں تو تاریخ پر تاریخ پڑ رہی ہے، لگ نہیں رہا کہ اس تاریخ پر تاریخ پر بھی میرا حل نکلے گا، ایف آئی اے آج پھر ٹائم لے کر نکل گیا ہے، میرا کیس صرف میرا نہیں ہے، یہ کیس قوم کی سبھی خواتین کے بارے میں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن اکاؤنٹس سے یہ گند اپ لوڈ ہوتا ہے ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، یہ ابھی تک مواد بھی ڈیلیٹ نہیں کروا سکے، یہ لوگ کچھ کرتے نہیں پھر عدالت آکر یتیموں والی شکل بنا لیتے ہیں، اگر کسی ایپ کو نہیں سنبھال پارہے تو اس ایپ کو ہی بند کردیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پرسوں کے جلسے میں یہ سارے دہشت گرد موجود تھے، خیبرپختونخوا ہاؤس اس وقت دہشت گردوں اور شرپسندوں کا اڈا بن چکا ہے، خیبرپختونخوا ہاؤس کو چلانے والوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی۔

عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیو کیس : پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج

علی امین گنڈا پور پنجاب پر لشکر کشی کرکے تو دکھائیں، عظمیٰ بخاری کا وزیراعلیٰ کے پی کو چیلنج

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکیاں دیتے ہیں، انہوں نے دہشت گردوں والی زبان استعمال کی، ریاست کے خلاف ایسی زبان کسی صورت قابل قبول نہیں، ہم صوبوں کو لڑانا نہیں چاہتے، خیبرپختونخوا بھی ہمارا صوبہ ہے، وہاں بھی پاکستانی ہیں، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائیوں کا کردار ادا کیا ہے۔

uzma bukhari

Lahore High Court

fake Video

azma bukhari

JUSTICE AALIA NEELUM

azma bukhari fake video