Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

عالمی برادری کوپیغام دینا چاہتا ہوں اسرائیل کا وجود تسلیم نہیں کیا جا سکتا، فضل الرحمان

امریکا انسانی حقوق کا قاتل تو ہو سکتا ہے،علمبردار نہیں ہوسکتا، سربراہ جے یو آئی
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2024 09:21pm

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 2018 اور 24 کے الیکشن دھاندلی زدہ ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے، عوام ختم نبوت کا دفاع کرنا جانتے ہیں، کچھ لوگوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کہا، ہم نے اس کے خلاف مارچ کیا، کوئی اسلامی ملک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا، میں عالمی برادری کوپیغام دینا چاہتا ہوں کہ اسرائیل کا وجود تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور میں مینارِ پاکستان پر عالمی مجلس ختم نبوت کے زیراہتمام گولڈن جوبلی ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان کے عوام ختم نبوت کا دفاع کرنا جانتے ہیں، آج کا اجتماع پاکستان کی وحدت کی علامت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بڑے لوگوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیئے، میں عالمی برادری کوپیغام دینا چاہتا ہوں کہ اسرائیل کا وجود تسلیم نہیں کیا جا سکتا، فلسطین میں اسرائیل کا ظلم وبربریت جاری ہے، حماس کے مجاہدین فلسطین کی آزادی کے لیے آگے بڑھیں۔

عمران خان آج بھی غزہ کے قصائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، وزیر دفاع

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا انسانی حقوق کا قاتل تو ہو سکتا ہے،علمبردار نہیں ہوسکتا، ہمارے فلسطینی بھائیوں کا خون بہہ رہا ہے، ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس کے علاوہ ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے، امن نہیں دے سکتے تو ٹیکس کس بات کا لیا جا رہا ہے، یہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مدارس کو ختم کرنے کوشش کر رہے ہیں، جن لوگوں سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا انہوں نے مدارس کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اس میں اسلام کی قدروں کو بلند ہونا ہوگا، اسلامی نظریاتی کونسل میں تمام مکاتب فکرکی نمائندگی موجود ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 2018 کے الیکشن کو تسلیم کیا نہ 2024 کے الیکشن کو تسلیم کرتے ہیں، اب ملک کے تمام فیصلے عوام کریں گے۔

lahore

Fazal ur Rehman

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

Minar e Pakistan

Maulana Fazal ur Rehman

jamiat ulema e islam