Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدالت نے حکومت سندھ کو اسسٹنٹ کمشنر کیلئے ڈبل کیبن گاڑیوں کی خریداری سے روک دیا

عدالت نے فریقین سے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا
اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2024 03:55pm
علامتی تصویر / فائل
علامتی تصویر / فائل

سندھ ہائیکورٹ نے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 138 ڈبل کیبن گاڑیوں کی خریداری کے نوٹیفکیشن پر آئندہ سماعت تک عمل درآمد روکتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

حکومت سندھ کے لگژری گاڑیاں خریدنے کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور دیگر فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی۔

جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل سندھ ہائیکورٹ کے بینچ نے حکومت سندھ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 138 ڈبل کیبنز خریدنے کے فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے بیوروکریسی کے لیے 138 بڑی گاڑیاں خریدی جارہی ہیں، ان گاڑیوں کی خریداری کے لیے تقریباً 2 ارب روپے کے اخراجات ہوں گے، 3 ستمبر کو اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے، یہ گاڑیاں عوام کے ادا کردہ ٹیکسوں کی آمدنی سے خریدی جائیں گی۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں انفلیشن کی شرح 28 فیصد سے زیادہ ہے، صوبے میں عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر نہیں، عوام کے ٹیکس کے پیسے کو عوام کی بہبود کے لیے استعمال کرنا چاہیئے، بیوروکریسی کے لیے ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے سے عوام کا کوئی فائدہ نہیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز کیلئے ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے کے معاملے پر سندھ حکومت کی وضاحت

عدالت سے درخواست کی گئی کہ اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے یہ عوامی پیسے کا بے جا استعمال ہے، 3 ستمبر کے گاڑیاں خریدنے سے متعلق نوٹیفکیشن کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے، عدالتی فیصلے تک نوٹیفکیشن پر عمل درآمد معطل کیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت تک گاڑیوں کی خریداری کے نوٹیفکیشن پرعمل درآمد روک دیا اور فریقین سے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

سندھ حکومت کا اسسٹنٹ اور ڈپٹی کمشنرز کیلیے سینکڑوں لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے لگژری گاڑیاں خریدنے کے لیے محکمہ خزانہ سے پونے 2 ارب کی خطیر رقم مانگی تھی۔

محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن سندھ نے صوبائی محکمہ خزانہ کو خط لکھا تھا، جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ خزانہ سے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے گاڑیاں خریدنے کی مد میں پونے 2 ارب روپے مانگے گئے تھے۔

خط میں کہا گیا تھا کہ سندھ حکومت صوبے میں تعینات اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 4 بائی 4 کی 138 ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنا چاہتی ہے جس کے لیے ایک ارب 99 کروڑ، 10 لاکھ 800 روپے جاری کیے جائیں۔

سندھ حکومت کی جانب سےخریدی جانے والی ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے، رواں مالی سال کےبجٹ میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے رقم مختص کی گئی تھی۔

karachi

economic crisis

Sindh government

Sindh High Court

double cabin vehicle