Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں، رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ ن سیاسی معاملات کے حل کیلئے جمہوریت اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، رہنما ن لیگ
شائع 05 ستمبر 2024 10:29am

پاکستان مُسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پی ٹی آئی کو اپنا ضدی رویہ بدلنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اسمبلی میں کھڑے ہو کر سیاسی جماعتوں سے غیر مشروط مذاکرات کے بارے میں بات کی تھی۔

پشتونخوا ملی عوامی پارتی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے محمود اچکزئی سے بات کی ہے اور وہ بھی مذاکرات کو آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سیاسی معاملات کے حل کے لیے جمہوریت اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو اپنے رویے میں تبدیلی لانی پڑے گی تاکہ مذاکرات درست طریقے سے ہو سکیں۔

رؤف حسن کی مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کی تصدیق، ’امید ہے معاملات آگے بڑھیں گے‘

بالواسطہ یا بلاواسطہ مذاکرت کی باتیں ہو رہی ہیں، یہ باتیں خلوص سے عاری ہیں، خواجہ آصف

خیال رہے کہ رواں ہفتے سنیچر کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کی پارٹی میٹنگ کے بعد ایسی خبریوں سامنے آئی تھی کہ سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ کے صدر نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنی جماعت کو پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تاہم اتوار کے روز مسلم لیگ کے سینیئر رہنما اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ان خبروں کی تردید کر دی تھی۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب تک پی ٹی آئی نو مئی کے واقعات کے لیے معافی نہیں مانگ لیتی ان کے ساتھ مذاکرات میں کسی قسم کی پیش رفت کی گنجائش نہیں ہے۔

PMLN

اسلام آباد

Rana Sanaullah

Khuwaja Asif

Khwaja Asif

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI PMLN Talks

PTI talks with PMLN