Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رحیم یار خان میں فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری

پنجاب کے امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، خواجہ سلمان رفیق
شائع 02 ستمبر 2024 06:31pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

لاہور: صوبائی محکمہ داخلہ میں لاء اینڈ آرڈر کے اجلاس میں 12 ستمبر کو رحیم یارخان میں فوج اور رینجرز کی 3 کمپنیاں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دن رحیم یارخان میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔

واضح رہے کہ 12 ستمبر کو رحیم یار خان میں این اے 171 میں ضمنی انتخاب ہوگا، تحریک انصاف نے این اے 171 رحیم یار خان میں اپنے مرحوم ایم این اے ممتاز مصطفیٰ کے بیٹے حسن مصطفی کو ضمنی انتخابات کیلئے ٹکٹ جاری کیا ہے۔ حسن مصطفی کو سنی اتحاد کونسل کی بجائے پی ٹی آئی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ جب کہ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر مخدوم طاہر رشید الدین کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کے زیر صدارت اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلال اکبرخان نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل اورمتعلقہ افسران نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں 12 ستمبر کو رحیم یارخان میں فوج اور رینجرز کی 3 کمپنیاں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

سلمان رفیق نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کیساتھ کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پنجاب کے امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، امن عامہ کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک سخت آپریشن جاری رہے گا، امن و امان کی صورتحال کا براہ راست تعلق پاکستان کی معیشت سے ہے، نقص امن کے مرتکب دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Punjab Government

law and order situation

By poll NA 171 RYK