سندھ کے گھریلو صارفین کو بجلی پر ریلیف دینے کا بڑا منصوبہ تیار
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کا بڑا منصوبہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے حوالے کردیا۔
پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی بجلی کے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کا پلان تیار کرلیا۔
منصوبے میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے پیک آور چارجز اور مختلف سلیبز ختم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہوگی تو طلب بڑھے گی، اضافی بجلی بھی استعمال میں آ جائےگی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں مستحق افراد میں سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کو فراہم کی جانے والی بجلی مہنگی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی جانب سے سستی بجلی فراہم کریں۔
پنجاب کے لیے بجلی کے فی یونٹ میں 14 روپے کم کیے جارہے ہیں، نواز شریف
تقریب سے خطاب میں بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا منصوبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے غریبوں کو سہولیات دینے کے منشور کے مطابق ہے، غریبوں کو سولر پینل دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، ہماری سوچ تھی اگر پیپلز پارٹی کو وفاق میں حکومت ملے تو ہم پورے ملک ایسے منصوبے لے کر آئیں جس سے ہم پاکستان کے غریب ترین طبقے کو انتہائی کم قیمت یا مفت میں سولر پینل فراہم کرسکیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ اعلان کیا تھا کہ پنجاب کے لیے بجلی کے فی یونٹ میں 14 روپے کمی کی جائے گی، اس مد میں 45 ارب روپے خرچ ہوں گے جو عوام کے لیے باعث اطمینان ہوگا۔
Comments are closed on this story.