Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور : نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد، ’بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 56 لاکھ روپے ہے‘

گرفتار ملزم سوشل میڈیا پر نایاب جانوروں کی کھالیں بیچنے کا دھندا کر رہا تھا، مریم اورنگزیب
شائع 30 اگست 2024 06:08pm
فوٹو ۔۔۔ فائل/محکمہ وائلڈ لائف
فوٹو ۔۔۔ فائل/محکمہ وائلڈ لائف

محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کے دوران لاہور سے نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے سخت کومبنگ آپریشن جاری ہے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف نے لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں چھاپہ مار کر نایاب برفانی چیتے کی کھال فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے قبضے سے چیتے کی کھال برآمد کرلی ہے۔ ’بین الاقوامی مارکیٹ میں برفانی چیتے کی قیمت 56 لاکھ روپے ہے۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے نایاب جنگلی جانوروں کی کھال فروخت کرنے کا غیر قانونی دھندہ کر رہا تھا۔ پاکستان دنیا کے ان 12 ممالک میں شامل ہے جہاں نایاب برفانی چیتے پائے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ برفانی چیتے، پاکستان میں نسل ختم ہونے کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات میں شامل ہیں۔ پاکستان میں تین سو سے چار سو برفانی چیتے باقی بچنے کی اطلاعات ہیں۔ عالمی سطح پر نایاب برفانی چیتے کی نسل کی بقاء کے لئے خصوصی کوششیں جاری ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ موسمی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

Punjab Government

Cheetah

wild life