Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوئیڈن میں قرآن کی بے حرمتی کرنے والے دو افراد پر فردِ جرم عائد

سلوان مومیکا اور سلوان نجم کے خلاف تمام شواہد ویڈیوز کی شکل میں ہیں، سینیر پراسیکیوٹر
شائع 29 اگست 2024 07:43pm

سوئیڈن میں حکام نے دو افراد پر قرآن کی بے حرمتی کی فردِ جرم عائد کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2023 میں اِن دونوں نے قرآن کو ایسے طریقے سے برتا جس سے مسلمانوں کے خلاف اُن کے مذہب کی بنیاد پر نفرت کا اظہار ہوتا تھا۔

سوئیڈش حکام کے مطابق سلوان مومیکا اور سلوان نجم پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ قرآن کی بے حرمتی کے واقعات پر مسلم دنیا میں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

فردِ جرم کے مطابق دونوں ملزمان نے قرآن کی بے حرمتی کی اور دارالحکومت اسٹاکہوم کی ایک مسجد کے باہر مسلمانوں کو مغلظات بھی بکیں۔

دونوں ملزمان کی طرف سے قرآن کی بے حرمتی کی بہت سے لوگوں نے ویڈیوز بنائی تھیں۔ یہ پورا کیس بصری مواد پر مبنی شواہد کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔

2023 میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کے باعث سوئیڈن کے تعلقات مسلم دنیا سے غیر معمولی کشیدہ ہوگئے تھے۔

سینیر پراسیکیوٹر اینا ہینکیو نے ایک بیان میں کہا کہ چار مختلف واقعات کے حوالے سے فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف بنیادی شواہد ویڈیوز کی شکل میں ہیں۔

Sweden

Desecration of Quran

CAHRGESHEET