Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں مزید اختلافات، عاطف خان اور شیر علی ارباب پارٹی عہدوں سے فارغ

محمد عاصم خان پشاور ریجن کے صدر، عرفان سلیم ضلع پشاور کے صدر اور ملک شہاب چمکنی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری نامزد
شائع 27 اگست 2024 09:03am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا میں مزید اختلافات سامنے آگئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈار پور نے نے اپنے مخالفین کو سائیڈ لائن کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اراکین اسمبلی عاطف خان اور شیر علی ارباب کو پارٹی عہدوں سے فارغ کردیا۔

پشاور، نوشہرہ، چارسدہ،مردان اور صوابی کے اضلاع پر مشتمل پشاور ریجن کے صدر عاطف خان کی جگہ سابق ڈسٹرکٹ ناظم محمد عاصم خان پشاور ریجن کے صدر مقرر کر دیے گئے۔

سابق صوبائی وزیر کامران خان بنگش پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری کے عہدے ہر برقرار ہے۔

اسی طرح ضلع پشاور کے صدر ارباب شیر علی کو ہٹا کر ان کی جگہ عرفان سلیم ضلع پشاور کے صدر تعینات کر دیے گئے جبکہ ملک شہاب ایڈووکیٹ ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری مقرر کر دیے گئے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری علی اصغرخان نے پارٹی کے صوبائی صدر علی امین گنڈاپور کی منظوری سے پشاور ریجن اور ضلع پشاور میں نئی تقرریوں کا نوٹیفیکشنز جاری کر دیے۔

رپورٹ کے مطابق عاطف خان نے برطرف وزیر شکیل خان کے حق میں بیان دیا تھا جب کہ شیرعلی ارباب نے وزیراعلیٰ پر اعتماد سے متعلق اقرار نامے پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر علی امین گنڈاپور نے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

یاد رہےکہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے بنائی گئی گڈ گورننس کمیٹی نے شکیل خان کی کارکردگی پر انہیں ہٹانے کی منظوری دی تھی۔

شکیل خان کو ہٹانے کا معاملہ، پی ٹی آئی میں اختلافات پر عمران خان کا اظہار تشویش

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اختلافات پر عمران خان برہم، 2 اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا

اس حوالے سے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا شکیل خان کو خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنے پر وزارت سے ہٹایا گیا۔

خیبر پختونخوا

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

Atif Khan

pti kpk

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti party Differences

pti Differences

Differences in PTI

sher ali