Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران سے آنے والے زائرین کی بس کو لسبیلہ میں حادثہ، 13 افراد جاں بحق، 30 زخمی

بس ایران سے پنجاب آرہی تھی کہ تیز رفتاری کے باٸث بریک فیل ہونے کی وجہ سے کھاٸی میں جا گری
اپ ڈیٹ 25 اگست 2024 08:03pm

لسبیلہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایران سے آنے والے زائرین کی بس کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین کی بس کو حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث بریک فیل ہونے کی وجہ سے بس کھائی میں گرگئی تاہم حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 11 خواتین سمیت 28 افراد جاں بحق

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق پنجاب کے علاقے لاہور اور گجرانوالہ سے ہے جبکہ پولیس، لیویز سمیت دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکار اسلم بنگلزئی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ایک آرمی کرین بس کو کھائی سے نکالنے میں مدد کے لیے جا رہی ہے تاکہ یہ چیک کیا جا سکے کہ آیا مسافر گاڑی کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ اس لیے مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے‘۔

حادثہ ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جو قریب ترین شہر اُتھل سے تقریباً 100 کلومیٹر (62 میل) اور ایران کے سرحدی شہر پشین سے 500 کلومیٹر دور ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زائرین کی بس ایران سے پنجاب جارہی تھی۔

ایران میں جاں بحق اور زخمی پاکستانی زائرین کیلئے مالی امداد کا اعلان

گوادر کے قریبی ضلع میں ایک سینئر سرکاری اہلکار حمود الرحمان نے کہا کہ، ’بس زائرین کو لے کر اربعین (زیارت) کے لیے جا رہی تھی لیکن اسے ایرانی سرحد سے واپس کر دیا گیا کیونکہ اس کے دستاویزات میں کچھ مسائل تھے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کی۔

وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

صدر مملکت آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے بروقت طبی امداد پہنچانے اور زخمیوں کی بھرپور دیکھ بھال کی ہدایت کی اور جاں بحق افراد کے سوگواران سے اظہار ہمدردی کیا۔

آصف زرداری نے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایران میں پاکستانی زائرین کے بس حادثے کی وجہ سامنے آگئی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے میں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی کا راولا کوٹ بس کھائی میں گرنے سے پر بھی اظہار افسوس کیا جبکہ وزیرداخلہ نے دونوں حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حادثات میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر دلی رنج ہوا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کےشریک ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لسبیلہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے زائرین کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو حادثے پر افسوس اور حادثے کے نتیجے میں 8 زائرین کے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے حادثے میں 30 سے زائد زخمی ہونے والے زائرین کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لسبیلہ کے قریب زائرین کی بس کو حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

یاد رہے کہ 21 اگست کو ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ایران سے عراق جانے والی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے، جن میں سے بیشتر مسافر کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے تھا جبکہ بس کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔

حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں 2 روز قبل ایران سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان لائی گئی تھیں۔

بلوچستان

traffic accident

Road Accident

lasbela

Pakistani visitors

Iran Bus Accident

Buss Accident

visitors bus accident

makran coastal highway