Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

فائرنگ میں اسکول وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، ریسکیو ذرائع
شائع 22 اگست 2024 12:34pm

حالیہ عرصے میں دہشت گردی کے واقعات میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ پنجاب کے شہراٹک میں نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر 2 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں اسکول وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، تمام بچوں کی عمریں10سے 12 سال ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی جبکہ علاقے کی ناکہ بندی بھی کردی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی اور واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے زخمی بچوں کی صحت یابی کی دعا اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں پر اس طرح کا حملہ انتہائی ظالمانہ اور سفاکانہ عمل ہے، وزیراعظم نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

صدر آصف زرداری کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور شرمناک فعل ہے، ذمے داران کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیئے۔

صدر مملکت نے فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق بچوں کے ایصال ثواب اور زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوٹس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز نے فائرنگ سے 2 طالبات کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کردی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے 2 بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرداخلہ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

آئی جی پنجاب کا نوٹس

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اٹک کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

ڈی پی او اٹک نے فوری طور پر پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کروا دیا۔

ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر وین ڈرائیور پر حملہ کیا جس کی زد میں آکر 2 طالبات جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 5 طالب علم زخمی ہوئے جبکہ پولیس فرانزک ٹیم موقع پر موجود ہے اور واقعے کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی مذمت

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

گورنر پنجاب نے اسکول وین فائرنگ واقعے میں 2 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول وین پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔

سردار سلیم حیدر نے فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

firing

خیبر پختونخوا

Attock

school van firing

Child Killed