Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 11 خواتین سمیت 28 افراد جاں بحق

بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی، جس کے باعث بس میں آگ لگ گئی، ایرانی میڈیا

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آگیا، جس کے نتیجے میں 11 خواتین سمیت 28 زائرین جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ ایرانی شہر یزد میں بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جہاں زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں، حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا جبکہ حادثے کے بعد یزد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

عراق میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ،3 افرادزخمی

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ سے 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں ایران روانہ ہوا تھا، قافلے کی ایک بس گوادر ایران سرحدی علاقے رمدان میں موجود ہے، جو ایرانی شہر یزد میں حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس سے چند گھنٹوں کی مسافت پر ہے۔

بس حادثے میں کندھ کوٹ کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل

پاکستانی زائرین کی بس کو ایران میں پیش آنے والے حادثے میں کندھ کوٹ کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سوار تھے، جن میں 3 خواتین بھی شامل تھیں۔

متاثرہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہماری فیملی کا کچھ پتہ نہیں لگ رہا، رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

زائرین کی بس کو حادثہ، 3 پاکستانی سفارت کار یزد روانہ

ایران میں لاڑکانہ کے زائرین کی بس کو حادثے کے بعد تہران میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے 3 سفارت کار یزد روانہ ہوگئے جبکہ طویل فاصلے کی وجہ سے سفارت کار شام 5 بجے تک یزد پہنچیں گے۔

تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو خود صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے پاکستانی سفیر کا یزد کے میئر سے بھی رابطہ ہوا۔

افسوسناک حادثے پر مدثر ٹیپو نے ایرانی حکومت سے بھی رابطہ کیا، جس میں حادثے کے بعد کی صورتحال پر بات چیت بھی کی گئی۔

وزیراعظم کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حادثے میں پاکستانی زائرین کی جانوں کےضیاع پر دکھ ہوا، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں، تہران میں اپنے مشن کو متاثرہ افراد کی مدد کی ہدایت کی ہے۔

صدر مملکت کا اظہار افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے المناک حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے دعا مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

آصف زرداری نے وزارت خارجہ کو میتوں کو پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاڑکانہ سے ایران جانے والی پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا جبکہ انہوں نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

گورنر پنجاب کا اظہار افسوس

دوسری جانب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ایران جانے والی پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے حادثے میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

Iran

Accident

bus accident

Pakistani visitors