Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

وزیراعظم کا ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدوں پر منکی پاکس کی اسکریننگ سخت کرنے کا حکم

ایم پاکس کی علامات 4 سے 15 دن میں ظاہر ہوتی ہیں، ڈاکٹر مختار ملک
اپ ڈیٹ 17 اگست 2024 07:37pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا، منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار ملک کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کا واحد کیس خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوا، اگر کسی میں علامات ظاہر ہوں تو اسے قرنطینہ کر لینا چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ایم پاکس پر اہم اجلاس ہوا، ایم پاکس کی جنوبی افریقہ کے انسانوں میں تشخیص 1970 میں ہوئی۔

ڈاکٹر ملک مختار نے کہا کہ کسی بھی شخص کو منکی پاکس سے متاثر ہونے پر سب سے الگ ہو جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ایئرپورٹس اور بارڈر پر انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، اسی طرح ٹیسٹنگ لیبارٹریز، کٹ اور ادویات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم پاکس کی علامات 4 سے 15 دن میں ظاہر ہوتی ہیں، آئیسولیشن ہی منکی پاکس کا سب سے بہترین ٹریٹمنٹ ہے، منکی پاکس میں بخار کی صورت میں عام بخار کی دوا لی جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر مختار ملک نے کہا کہ دنیا میں تاحال 99 ہزار افراد میں ایم پاکس مثبت آچکا ہے، ملک میں اب تک منکی پاکس کے 11 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

منکی پاکس کے متاثرین کیلئے اسپتال مختص کردئے گئے

منکی پاکس سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایم پاکس سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے منکی پاکس (ایم پاکس) سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وائرس کی تازہ عالمی صورتحال اور مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو ایئرپورٹس، بارڈرز اور اسپتالوں میں انتظامات، ٹیسٹنگ لیبارٹریز، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستیابی اور اسکریننگ کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے اعلیٰ حکام، قومی ادارہ صحت اور این سی اوسی کے حکام شریک تھے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے صحت کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مختار برتھ،سیکریٹری صحت اور ڈی جی صحت بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکستان سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، شہباز شریف نے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے، بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے روابط بہتر بنانے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس سے متعلق روزانہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا، منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مردان کے شہری میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق

اجلاس کو ملک میں منکی پاکس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور پاکستان آیا، متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، اس شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے، بریفنگ

بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی ادارہ صحت نے 14 اگست 2024 کو منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا ، منکی پاکس کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں، وفاقی وصوبائی حکومتیں منکی پاکس کے حوالے سے آگہی مہم کا آغاز کر رہی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی، ملک کے بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز ممکنہ مریضوں کے لئے مختص کیے ہیں، تمام وفاقی اکائیاں منکی پاکس کے حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھا رہی ہیں، پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے۔

منکی پاکس کیا ہے اور اس کا علاج کیسے ممکن ہے

منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ، محکمہ صحت سندھ کے خصوصی انتظامات

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے لیے محکمہ صحت سندھ نے ایئرپورٹ پر اپنی ٹیم تعینات کر دی ہے۔

فوکل پرسن منکی پاکس حکومت سندھ ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ جاری ہے، کراچی ایئرپورٹ پر تاحال کوئی مشتبہ منکی پاکس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، ایئرپورٹ پر اسکریننگ کی براہ راست محکمہ صحت سندھ نگرانی کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیکرٹری ہیلتھ کی ہدایت پر ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی ائیر پورٹ پر تعینات کردیا گیا ہے، دو ایمبولینس سمیت 150 سے زائد تشخیصی کٹس عملہ کو فراہم کی گئی ہیں، اگر کسی شخص میں مرض کا شبہ ہوا تو اسکے ٹیسٹ کرنے کے بعد نیپا اسپتال میں قرنطینہ کرنے کی ہدایات ہیں، نیپا اسپتال میں مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈ تیارہے۔

پاکستان

Monkey Pox

Monkey Pox cases In Pakistan