حکومت کی گلگت بلتستان میں قیمتی پتھروں کیلئے مائننگ کی تیاری
حکومت نے گلگت بلتستان میں بین الاقوامی معیار کے مطابق قیمتی پتھروں کی کان کنی، کٹنگ اور ویلیو ایڈیشن کے لیے ایک پائلٹ پراجیکٹ کی مائننگ کی تیاری کرلی۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی اور اس شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت میں مذکورہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس کو ملک میں قیمتی پتھروں کی صلاحیت، کان کنی اور برآمدات کے موجودہ طریقوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان علاقوں میں کان کنی کے لیے روایتی طریقے اپنائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے قیمتی پتھر ضائع ہو رہے ہیں اور خام مال زیادہ تر اسمگل کر کے دیگر ممالک میں ویلیو ایڈیشن کے بعد پوری دنیا کو ایکسپورٹ کیا جاتا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ذخائر کی وسیع مقدار کے باوجود پاکستان سے قیمتی پتھروں کی برآمد چند ملین ڈالر ہے۔ وزیراعظم کو قیمتی پتھروں کی صنعت اور اس شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں جس میں ایک تجویز جی بی میں قیمتی پتھروں کے حوالے سے کلسٹر بنانے کی ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر نجکاری کو تجاویز پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ جی بی میں پائلٹ پراجیکٹ کا پلان ایک ہفتے میں پیش کریں۔
Comments are closed on this story.