Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور ہائیکورٹ کا کامیڈین عون علی کھوسہ کو بازیاب کروا کے پیش کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے عون علی کھوسہ کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کی
شائع 16 اگست 2024 12:15pm

لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور کو 20 اگست تک کامیڈین عون علی کھوسہ کو بازیاب کروا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے کامیڈین عون علی کھوسہ کی بازیابی سے متعلق عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے خدیجہ صدیقی ایڈووکیٹ پیش ہوئیں اور عدالت کو بتایا کہ عون علی کھوسہ ڈیجٹیل کنٹینٹ کریٹیر ہیں، طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں ویڈیوز بناتے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق عون علی کھوسہ کو نامعلوم افراد نے گھر سے اغوا کیا جن کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے سی سی پی او لاہور کو 20 اگست تک مغوی کو بازیاب کرانے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کے بھاری بلوں کے حوالے سے ”بل بل پاکستان“ گانا بنانے والے معروف یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو مبینہ طور نامعلوم افراد کی جانب سے حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ ان کے یوٹیوب چینل سے مذکورہ گانا بھی ڈیلیٹ کردیا گیا۔

گزشتہ روز عون علی کھوسہ کے بھائی علی شیر کھوسہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے پیغام میں اطلاع دی کہ آدھی رات کو نامعلوم مسلح افراد نے لاہور میں واقع فلیٹ سے ان کے بھائی عون کھوسہ کو حراست میں لے لیا ہے۔

Lahore High Court

comedian

supreme court holidays

Aun Ali khosa

Bill Bill Pakistan

Pakistani Youtuber Arrested