Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدالت نے پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست نمٹادی

عدالت جلسے کے مقام سے متعلق آڈر پاس نہیں کرسکتی ، یہ انتظامیہ کا کام ہے، آپ اپنی تقریر تیار کریں، جج کے ریمارکس
شائع 15 اگست 2024 02:57pm

انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اسلام آباد میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت پی ٹی آ ئی وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ ہمیں پچھلے 6 ماہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

جس پر عدالت نے پوچھا کہ ابھی انہوں نے آپ کو کہاں جلسے کی اجازت دی ہے؟ جس پر وکیل نے جوا ب دیا کہ انہوں نے جہاں اجازت دی ہے وہاں 5 ہزار لوگ بھی نہیں آسکتے۔

پی ٹی آئی کو 27 اگست کو جلسے کی اجازت مل گئی، لطیف کھوسہ

شعیب شاہین کی جانب سےا ستدعا کی گئی کہ سر آپ ہمیں ایف 9 پارک ، پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑ پر جگہ دے دیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایف 9 پارک کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا آخر پارکس کا قصور کیا ہے اسلام آباد میں ایک ہی تو پارک رہ گیا ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل نے انتظامیہ کی جانب سے 22 اگست کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

شعیب شاہین کی جانب سے جلسے کا مقام تبدیل کرنے پر زور دینے پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ عدالت جلسے کے مقام سے متعلق آڈر پاس نہیں کرسکتی ، یہ انتظامیہ کا کام ہے، آپ اپنی تقریر تیار کریں۔

یوم آزادی پر لاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہوگا یا نہیں؟ عدالت کا ڈی سی کو فیصلے کا حکم

اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کی درخواست مسترد کردی

بعد ازاں عدالت نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔

Islamabad High Court

PTI jalsa

justice miangul hassan aurangzeb

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa islamabad

pti jalsa noc