Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی اجازت کیلئے ڈپٹی کمشنر کو جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت

پی ٹی آئی 27 اگست سے 2 ستمبر تک جلسے کیلئے درخواست دیں، ہم ایک ہفتے میں فیصلہ کر دیں گے، ڈی سی لاہور
شائع 09 اگست 2024 12:56pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لاہور میں 14 اگست کو جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجھے یہ ہدایات ہیں کہ 24, 25 اور 26 اگست کو چہلم ہے، چہلم کی وجہ سے سیکیورٹی کی سخت صورت حال رہے گی، اس کے بعد یہ درخواست دے دیں، ہم سیکیورٹی کی صورتحال کو دیکھ کر آرڈر کر دیں گے، پی ٹی آئی والے 27 کے بعد درخواست دے دیں، ہم ایجنسیوں کی رپورٹ کے بعد فیصلہ کر دیں گے۔

اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 26 کے بعد کوئی تاریخ دے دیں، ہم 27 تاریخ کے لیے بیان حلفی دے دیتے ہیں، جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ 26 اگست کے بعد درخواست دے دیں، ہم جلسہ کرنے کی جگہ بتا دیں گے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ آپ ڈپٹی کمشنر لاہور کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ جی ہو سکتا ہے، عدالت حکم کرے، ڈپٹی کمشنر کو آنا ہوگا۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ یہ 26 کے بعد کسی بھی تاریخ کے لیے درخواست دے دیں، جس پر عدالت نے کہا کہ یہ بات اگر ڈپٹی کمشنر لاہور کے سامنے ہو جائے تو بہتر ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو طلب کرتے ہوئے سماعت 11 بجے تک ملتوی کردی۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ڈی سی لاہور رافعہ حیدر عدالتی حکم پر لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کے لیے کون سی تاریخ دے سکتے ہیں؟ پی ٹی آئی والے 27 اگست کو جلسے کی استدعا کر رہے ہیں۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ پی ٹی آئی 27 اگست سے 2 ستمبر تک جلسے کے لیے درخواست دیں، ہم ایک ہفتے میں ان کی درخواست پر فیصلہ کر دیں گے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے انہیں مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت دی جائے، جس پر ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ جلسے کے لیے کوئی متبادل جگہ بتا دیں، جس پر رافعہ حیدر نے کہا کہ میں اس حوالے سے معلومات حاصل کرکے بتا دوں گی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ ہفتے 14 اگست کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

7 اگست کو 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست جمع کرادی تھی۔

Lahore High Court

PTI jalsa

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa noc

pti minar e pakistan jalsa

minar e pakistan jalsa