Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی: عمران خان کی 4 مقدمات میں درخواست ضمانت پر وکلا حتمی دلائل کیلئے طلب

عدالت نے سماعت بغیر کارروائی 5 ستمبر تک ملتوی کر دی
شائع 08 اگست 2024 02:27pm

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فریقین کے وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کو کلمہ چوک اور لبرٹی میں کنٹینر جلانے سمیت 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کے لیے درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کے لیے طلب کرلیا جبکہ پولیس کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

بعدازاں انسداد دہشت گری عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

عمران خان کا 9 مئی واقعہ پر مشروط معافی کا اعلان، ’لگ رہا ہے ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے‘

عمران خان کا 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع

واضح رہے کہ عمران خان نے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر نذر آتش کرنے اور نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کنٹینر جلانے سمیت 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

کیس کا پسِ منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ATC

imran khan

lahore

atc lahore

9 May

MAY 9 RIOTS

9 May Cases

9 may incident

MAY 9 CASES