Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

ملک بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر

بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی ہے جبکہ چترال میں ایک ماہ کے لیے ہنگامی حالت نافذ
شائع 07 اگست 2024 09:03am

ملک بھر میں مون سون عروج پر ہے، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تباہی مچادی، بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ حب ڈیم میں سیلابی ریلوں کی آمد جاری ہے، پانی میں 7 فٹ تک کا اضافہ ہوگیا، مہانڈری میں درجنوں ہوٹل جھیل کی زد میں آگئے، دریائے کنہار میں بننے والی جھیل سے 18دکانیں تباہ ہوگئیں۔

ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں مون سون بارش کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع بارش کی لپیٹ میں ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی ہے جبکہ چترال میں ایک ماہ کے لیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، دریائے ناڑی، تلی ندی، لہڑی ندی میں سیلابی کیفیت ہے۔

سبی، اوستہ محمد، جھل مگسی، نصیرآباد اور بولان،جعفرآباد، ڈیرہ اللہ یار میں متاثرہ علاقوں سے تاحال پانی نہیں نکالا جاسکا۔

ضلع حب اور لسبیلہ میں سیلابی ریلوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، زیارت شہر و ملحقہ علاقوں میں سیلابی ریلےگھروں میں داخل ہوگئے جبکہ چینہ مارکیٹ میں ایک میڈیکل اسٹور سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی

بلوچستان میں 20 جولائی سے اب تک آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں مویشی مرگئے اور کئی ایکڑ پر فصل تباہ ہوگئی۔

اپرچترال

اپرچترال میں بارشوں سے گلیشیئر پھٹنے اور سیلابی ریلوں سے تباہی مچ گئی، جس کے بعد بحالی کا کام جاری ہے، ایک ماہ کے لیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی جبکہ بونی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔

مسلسل بارشوں کے باعث شاہراہ کاغان مہانڈری کے مقام پر بند ہے، سیاحوں کی ناران اور کاغان آمد پر پابندی لگادی گئی جبکہ دریائے کنار میں بننے والی جھیل میں کئی ہوٹل بھی ڈوب گئے۔

ایبٹ آباد

ایبٹ آباد شہر سمیت گردونواح میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم خوش گوار ہو گیا جبکہ شدید بارش کے باعث پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

بارش سے شاہراہِ ریشم سمیت دیگر سڑکیں زیر آب تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی جبکہ ٹی ایم اے اور کینٹ بورڈ کی جانب سے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی سڑکوں پر آ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اگلے 2 دن وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

پشاور

خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں گہرے بادلوں کا بسیرا ہے، جہاں ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

ملک بھر میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی معطل، مکان کی چھت، دیواریں، آسمانی بجلی گرنے سے 21 جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے بعد گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واسا سمیت دیگر ادارے الرٹ ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ آج مزید بارش کا امکان ہے۔

سندھ

کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے 12 اگست سے سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، بلوچستان مزید بارش ہوگی۔

بلوچستان

خیبر پختونخوا

monsoon rains

moon soon

heavy rains

rainy weather

Urban flooding

Rain prediction

moon soon rain

HEAVY RAINS EXPECTED