Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران کے ممکنہ حملے کے پیش نظراسرائیل میں ہائی الرٹ، فوجی مشقیں جاری

ایمبولینس سروس کو بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار کردیا گیا، مشرق وسطیٰ میں صورتحال نازک ہے، امریکا
شائع 06 اگست 2024 10:03am

ایران کے ممکنہ حملے کے پیش نظراسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا۔ روش ہاعین میں فوجی مشقیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ پر ایران اور لبنان نے اسرائیل پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ ایران نے واضح کیا کہ وہ ہینہ کے قتل کا بدلہ لینے سے دستبردار نہیں ہوگا۔ دوسری جانب امریکا نے اسرائیل کے تحفظ کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اور جنگی بیڑے کھلے سمندر میں تعینات کردیے ہیں۔

تازہ رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے بھی ایران کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اسرائیلی شہر روش ہاعین میں فوجی مشقیں جاری ہیں جبکہ ایمبولینس سروس کو بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار کردیا گیا۔

شمالی اسرائیل میں ڈرون الرٹ پر سائرن بج اٹھے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے ایران اورحزب اللہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر براہ راست حملہ کیا گیا تو جواب ایک کے بدلےدو حملوں سے دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں حسن نصراللہ نے سوشل میڈیا بیان میں صیہونیوں کو حملے کا پیغام دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’شاید آج ، یا پھر کل، یاپھر ایک ہفتے میں حملہ ہوگا‘۔

مشرق وسطیٰ میں صورتحال کو نازک ہے، امریکا

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی کے ایران اور لبنان میں حزب اللہ سے کشیدگی پر مشرق وسطیٰ میں صورتحال کو نازک قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کررہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کریں، یہ بہت اہم ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا جائے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ تمام فریق کسی معاہدے پر پہنچنے کے راستے تلاش کریں، فریقین کو تاخیر یا ناں کہنے کی وجہ نہیں ڈھونڈنی چاہیے۔

Palestine

Gaza

Ismail Haniyeh Killed

AMERICAS

Iran Israel Tension