Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

سوشل میڈیا کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی ہورہی ہے، ریاست بھی محفوظ نہیں، عظمیٰ بخاری

عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو پر کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سوشل میڈیا کے حوالے سے قوائد و ضوابط طلب
شائع 02 اگست 2024 10:50am

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی ہورہی ہے، ریاست بھی محفوظ نہیں، کوئی ملک ایسے نہیں چلتا جیسے ہم پاکستان کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گی۔

عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو: سوشل میڈیا کے حوالے سے قوائد و ضوابط طلب

لاہور ہائیکورٹ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو پر کارروائی کے لیے دائر درخواست پر سوشل میڈیا کے حوالے سے قوائد و ضوابط طلب کر لیے جبکہ عدالت نے 5 اگست کو تفصیلی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کی تشہیر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری اور ایف آئی اے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید نے ایکس پر عظمی بخاری کے خلاف ایک جھوٹی ویڈیو شئیر کی، عدالت فلک جاوید سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کرے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا خط چھپنے کی ناکام کوشش ہے، عظمیٰ بخاری

دوران سماعت عظمی بخاری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کل ایک نئی ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جو ایف آئی اے کو دے دی ہے۔

جسٹس عالیہ نیلم نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ کل جو حکم دیا تھا اس پر کیا ہوا؟ آپ ٹوئٹر ایکس سے کیسے رابطہ کرتے ہیں اور کس قانون کے تحت ایکس کو کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں؟ جس پر ایف آئی اے افسر کا کہنا تھا کہ مجھے اس بارے میں علم نہیں ہے۔

اس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ حیرت ہے آپ کو پتہ ہی نہیں ہے، دنیا بھر میں سروس فراہم کرنے والوں کے لیے ضوابط ہیں کیا یہاں نہیں ہیں؟

ایف آئی اے افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس قسم کے معاملات پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی دیکھتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایکس پوری دنیا کے ممالک میں شکایت پر جوابدہ ہے، کیا پاکستان میں ایسا کوئی میکانزم موجود نہیں ہے؟ جس پر ایف آئی اے افسر نے کہا کہ ڈاکیومنٹ تو ہے لیکن سائن نہیں ہوا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد سوشل میڈیا کے حوالے سے رولز اینڈ ریگولیشن اور پی ٹی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کریا۔

لاہور ہائیکورٹ نے تمام محکموں سے تفصیلی رپورٹس 5 اگست کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

عمران خان بچہ نہیں ہے نہ اس کو معافی مل سکتی ہے، عظمیٰ بخاری

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ انصاف کے سارے ایوان منطق سے خالی نہیں ہیں، آج چیف جسٹس کے سوالوں کے جواب اداروں سمیت کسی کے پاس نہیں ہیں، سارے ممالک میں سوشل میڈیا کے لیے رولز موجود ہیں، ہمارے ملک میں سوشل میڈیا کے لیے کوئی رولز نہیں ہیں۔

عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیخلاف درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ چیف جسٹس نے جواب طلب کیا ہے کہ کن رولز کے تحت ایکس کام کر رہا ہے، میں ایسے کیسز میں بارش کا ایک قطرہ بنوں گی، ان تمام خواتین کے لیے جن کے ساتھ یہ سب کچھ ہوتا ہے، میرا سوال ان عدالتوں سے ہے تو کہتی ہیں کہ ٹویٹر بند نہیں کیا جا سکتا، ایسے ہی چلنے دیں، ڈیجٹیل دہشت گردی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے زریعے کی جاتی ہے، رولز ریگولیشن بن جائیں تو ایکس پر پابندی ختم ہو جائے گی، رولز ریگولیشن کے زریعے تمام اکاؤنٹس چلنے چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سولر پروگرام 100سے 200 یونٹ والے صارفین کو فراہم کریں گے، 200 سے 500 تک صارفین کو بھی سولر فراہم کریں گے، نواز شریف نے آئی ایم ایف سے جان چھڑا دی تھی، آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے سخت شرائط بھگت رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے بعد جن کو شہہ دی جارہی ہے وہ باز نہیں آئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان بچہ نہیں ہے نہ اس کو معافی مل سکتی ہے۔

uzma bukhari

Lahore High Court

fake Video

information minister punjab

JUSTICE AALIA NEELUM