Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ارشد شریف قتل کیس از خود نوٹس: لارجر بینچ کی تشکیل کیلئے معاملہ 3 رکنی کمیٹی کو ارسال

یہ کیس پہلے 5 رکنی لارجربینچ سن رہا تھا، لگتا ہے غلطی سے 3 رکنی بینچ کے سامنے لگا دیا، جسٹس منصور علی شاہ
شائع 29 جولائ 2024 10:58am

سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف قتل سے متعلق از خود نوٹس پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ 3 رکنی کمیٹی کو بھجوا دیا، جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس پہلے 5 رکنی لارجربینچ سن رہا تھا، لگتا ہے غلطی سے 3 رکنی بینچ کے سامنے لگا دیا کیونکہ یہ معاملہ 3رکنی کمیٹی میں آیا ہی نہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے از خود نوٹس کی سماعت کی، جس میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی شامل تھے۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہمیں معلوم ہوا ہے اس سے قبل 5 رکنی لارجر بینچ یہ کیس سن رہا تھا، لگتا ہےغلطی سے 3 رکنی بینچ کے سامنے لگا دیا گیا ہے کیونکہ یہ معاملہ 3 رکنی کمیٹی میں آیا ہی نہیں۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ عدالت کے سامنے عبوری رپورٹس پیش کی گئی ہیں۔

ارشد شریف قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر وزارتِ داخلہ، قانون طلب

اٹارنی جنرل نے کیس کی سماعت کے دوران مؤقف اپنایا کہ مشترکہ قانونی معاونت کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں قانونی معاونت کی منظوری ہو جائے گی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا کینیا کی عدالت سے بھی کوئی فیصلہ آیا ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جی بالکل وہ فیصلہ بھی آ چکا ہے۔

دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم اس کیس کے میر ٹس پر بحث نہیں سن سکتے۔

شوکت عزیز صدیقی کے وکیل نے کہا کہ میں نے ایک درخواست ارشد شریف کے خاندان کی جانب سے دائرکی تھی، جو لوگ پاکستان میں دعوی کررہے ہیں کہ انہیں قاتلوں کا علم ہے ان کو تو بلائیں، ہم نے چھ لوگوں کے نام بھی عدالت کے سامنے رکھے تھے، لارجر بینچ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی تھی۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ صدیقی صاحب یہ ایک انتہائی اہم معاملہ ہے جس پرسماعت ہونی چاہیئے، جس پر وکیل شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ عدالت 2 ہفتوں کے بعد کیس کو مقرر کر دے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ججز کی دستیابی کے پیشِ نظرہی تاریخ کا تعین ہوسکے گا، ہم معاملہ تین رکنی کمیٹی کو بھیج دیتے ہیں۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل سے متعلق از خود نوٹس پر لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے معاملہ 3 رکنی کمیٹی کو بھجوا دیا۔

ارشد شریف کو سر میں گولی ماری گئی تشدد بھی ثابت، کینیا کی عدالت کا خاندان کیلئے معاوضے کا اعلان

واضح رہے کہ کینیا کی ایک ہائیکورٹ نے 8 جولائی کو پاکستانی صحافی ارشد شریف کی کینین پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

مقتول ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کینین ہائیکورٹ کی جج جسٹس سٹیلا موٹوکو نے کینین پولیس کی فائرنگ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

ارشد شریف قتل کیس کی کارروائی روک دی گئی، عدالتی حکم نامہ جاری

صحافی ارشد شریف کو 23 اکتوبر 2022 میں کینیا کے شہر نیروبی کے قریب مگاڈی کے علاقے میں پراسرار طور پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ابتدا میں کینین پولیس نے اسے غلط شناخت کا معاملہ بتایا تھا تاہم بعد کیتحقیقات میں یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا تھا۔

ارشد شریف کی والدہ اور اہل خانہ نے فوج کے بعض افسران سمیت کچھ اعلیٰ حکام پر اس قتل میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے تھے تاہم فوج نے تمام الزامات کی تردید کی تھی۔

کینین ہائیکورٹ کی جج جسٹس سٹیلا موٹوکو نے ارشد شریف کے اہلِ خانہ کو دو کروڑ 17 لاکھ روپے زرتلافی ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ تاہم حکومت فیصلے کے خلاف 30 روز کے اندر اپیل بھی دائر کر سکے گی جس دوران معاوضے کا فیصلہ بھی معطل رہے گا۔

Supreme Court

اسلام آباد

Supreme Court of Pakistan

justice mansoor ali shah

arshad sharif

arshad sharif murder case