Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جماعت اسلامی کے 10 مطالبات پر حکومت کے مذاکرات کی اندرونی کہانی، گرفتار کارکنان کی رہائی کا اعلان

جماعت اسلامی بجلی مہنگائی کے خلاف مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہی ہے

راولپنڈی اور اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا دھرنا تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے، جماعت اسلامی نے حکومت کے سامنے اپنے دس مطالبات رکھے ہیں جن پر کمشنر آفس راولپنڈی میں آج وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود میں باقاعدہ مذاکرات کا پہلا دور ہوا، جس میں حکومت نے گرفتار کارکنان کی رہائی کا اعلان کیا۔

مذاکرات کی اندرونی کہانی

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان آئی پی پیز کے مسئلے پر طویل بحث ہوئی۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم نے جماعت اسلامی کے وفد کو بتایا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنا مشکل ہیں، عالمی معائدے ہیں جن کی پاسداری مجبوری ہے۔

جس پر جماعت اسلامی کے رکن نے جواب دیا کہ آپ کے اپنے لوگوں کے آئی پی پیز میں شیئرز ہیں، آئی پی پیز لاگت سے کئی گناہ زیادہ کما چکے ہیں ان کو ہر صورت بند کیا جائے، آئی پی پیز مالکان نے عوام کا خون نچوڑ دیا ہے۔

حکومتی ٹیم نے جماعت اسلامی کے وفد کو کہا کہ آپ کا پیغام وزیر اعظم تک پہنچائیں گے۔

’دھرنا جاری رہے گا‘

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے حکومتی کمیٹی کے سامنے ساری تفصیل رکھی ہے، حکومت ان تمام چیزوں کے لیے ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنائے گی اور اپنا ہوم ورک کرے گی، پھر مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا، لیکن دھرنا ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں عوام کے لیے نکلے ہیں، مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا تین روز سے جاری ہے، ہم عوام کے مسائل کے حل کے لیے نکلیں ہیں، ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بتایا کہ یہ ہمارا ذاتی دھرنا نہیں ہے، ہم نے بتایا کہ بجلی کے بل ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے، زندگی گزارنا مشکل ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز ملکی معیشت کے لیے موت کا پروانہ بن چکا ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے بتایا کی بین الاقوامی معاہدے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہے، ہمارے بین الاقوامی معاہدے چین کے ساتھ ہیں اور چائنہ ہمارا دوست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات میں ایکسپورٹر اور ملز پر لگائے گئے ٹیکس کے حوالے سے بات ہوئی ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنائیں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان کو بڑی تعداد میں گرفتار کیا گیا ہے، محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے کارکنان کو رہا کیا جائے گا، ہمارے 35 کارکنان کو مختلف جیلوں میں بھیج دیا گیا ہے، حکومتی مذاکراتی ٹیم نے کہا کہ جلد کارکنان کو رہا کر دیا جائے گا، حکومت سنجیدگی سے کام لے گی تو ٹھیک ہے ورنہ دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، حکومتی وفد میں وفاقی وزیر عطا تارڑ، اویس لغاری، طارق فضل، امیر مقام اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز شامل ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے وفد میں لیاقت بلوچ، امیرالعظیم، سید فراست شاہ اور نصر اللہ رندھاوا شامل ہیں۔

کارکنان کی رہائی کا اعلان

جماعت اسلامی کے وفد سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 35 گرفتار کارکنان کی فہرست دی ہے، حکومت نے کارکنان کی فوری رہائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ ہمارا وژن ہے پاکستان کو چلنے دیا جائے، 200 یونٹ والے صارفین کو سبسڈی دی جارہی ہے، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، امید ہے کہ ان اقدامات سے حالات میں بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کی جارہی ہے، اخراجات میں کمی اور نجکاری سے معاملات بہتر ہوں گے، ہم عوام کوریلیف دینےکیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہم خوشحال اور خود مختار پاکستان چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پاگیا ہے، کل مذاکرات کے اگلے دور میں معاملات طے پا جائیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کا کوئی وعدہ نہیں کرتے، ٹیکنیکل کمیٹی ٹیکنیکل معاملات کو دیکھے گی، کل پھر 12بجے کے بعد مذاکرات ہوں گے۔

اس موقع پر ن لیگی رہنما امیر مقام نے کہا کہ پوری قوم سستی بجلی اور سستا پٹرول چاہتی ہے، ہم سب کی خواہش ہے کہ بجلی اور پٹرول سستا ہو، حکومت کی ٹیکنیکل کمیٹی مذاکرات میں بیٹھے گی، ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ملک چلا رہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے مطالبات

اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے نائب امیر جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔

لیاقت بلوچ نے اس دوران جماعت اسلامی کے مطالبات ان کے سامنے رکھے اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں پچاس فیصد رعایت دی جائے، سلیب ریٹ ختم کیے جائیں، آئی پی پیز سے کیپیسٹی پیمنٹ کا معاہدہ ختم کیا جائے اور تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسوں کا ظالمانہ بوجھ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔

جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو 50 فیصد رعایت دے اور پیٹرولیم لیوی ختم اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔

جماعت اسلامی کا مزید مطالبہ ہے کہ حکومتی اخراجات کم کرکے غیرترقیاتی اخراجات پر 35 فیصد کٹ لگایا جائے، کیپسٹی چارجز اور آئی پی پیز کو ڈالروں میں ادائیگی کا معاہدہ ختم کیا جائے اور آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدوں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے۔

کیا جماعت اسلامی کے دھرنے میں پی ٹی آئی شامل ہو گی ؟ فیصلہ آج رات متوقع

جماعت اسلامی نے مطالبہ رکھا کہ زراعت اور صنعت پر ناجائز ٹیکس ختم اور 50 فیصد بوجھ کم کیا جائے، صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس ختم اور مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔

آج کے دھرنے کا احوال

قبل ازیں، کمشنر آفس پہنچنے پر وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں سے مذاکرات کے بعد تمام چیزوں سے آگاہ کیا جائے گا، ہماری جانب سے مذاکراتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اویس لغاری ملک میں موجود نہیں، وہ چین گئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کے ساتھ مل بیٹھ کر بات کریں گے، جماعت اسلامی کے بجلی سے متعلقہ معاملات ہیں، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کو پہلے ہی 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف لاہور میں جماعت اسلامی کا احتجاج

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سولر پراجیکٹس بھی شروع کر رہی ہے، ڈیزل اور تیل پر چلنے والے پلانٹس کو بند کیا جائے گا، سولر ٹیوب ویل لگنے سے بجلی کی کھپت میں کمی ہوگی، ان اقدامات کا مقصد سستی اور معیاری بجلی پیدا کر کے بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ مہنگی بجلی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا دیا جا رہا ہے۔ شرکاء نے رات لیاقت باغ کے باہر گزاری، نماز فجر کے بعد کارکن صفائی میں مصروف ہوگئے، بارش کے باعث شرکا لیاقت باغ پہنچ گئے تھے۔

دھرنے کے تیسرے دن شرکا کے حوصلے بارش بھی پست نہیں کر سکی ہے۔ بارش کے دوران محفوظ مقامات میں پناہ لی تھمتے ہی واپس پنڈال میں پہنچ گئے۔

دھرنا انتظامیہ نے کنٹینرکواسٹیج بنا لیا ، ناشتے میں آلوکے نان کے ساتھ تواضع کی گئی ہے۔ الصبح شروع ہونے والی بارش نے مری روڈ کو گھیرلیا۔

دھرنا شرکا نے میٹروپل سمیت دیگر محفوظ مقامات پر پناہ لی تاہم پنڈال میں بچھی کالین اوردریاں گیلی ہوگئیں۔ گزشتہ چھوٹے اسٹیج کی اب کنٹینرنے لے لی۔

دھرنا قائدین کے خطابات کیلئے کنٹینرپرساونڈ سسٹم سمیت دیگرلوازمات کو ترتیب دے دیا گیا ہے۔ شرکاء پرباضد ہیں موسم یا حالات کیسے بھی ہوں مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

رات گئے عطا تارڑ اور طارق فضل نے حافظ نعیم اور لیاقت بلوچ سے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیر کو مذاکرات کی دعوت دینے آئے تھے، جماعت اسلامی نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں 4 رکنی مذاکراتی ٹیم تشکیل دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات میں بات چیت کا شیڈول طے ہوگا اور بیٹھ کر مسئلہ حل کریں گے۔

حکومت کا فری بجلی بند کرنے پر غور، جماعت اسلامی اور خواجہ آصف کا ردعمل

وفاقی وزیر اطلاعات کی حافظ نعیم الرحمان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، حکومتی وفد نے امیر جماعت اسلامی سے مذاکرات کی درخواست کی، جس پر حافظ نعیم نے مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی تھی۔

تاہم جماعت اسلامی نے دھرنا فوری ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران مذاکرات کو طول نہ دیں۔ ٹال مٹول سے کام لیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے، آج مری روڈ پر تاریخی جلسہ ہوگا۔ ہوسکتا ہے جلسے کے بعد ہی مارچ شروع کردیں۔

rawalpindi

federal government

HAFIZ NAEEMUR REHMAN

jamat e islami protest