Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش، کئی علاقوں میں بجلی فراہمی معطل

راولپنڈی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق
شائع 26 جولائ 2024 09:40am

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

لاہور کے علاقوں ڈیوس روڈ، مغلپورہ، گوالمنڈی، لکشمی چوک اور اطراف میں بارش موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ اچھرہ، مسلم ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ اور ہربنس پورہ میں بھی بادل جم کر برسے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، حافظ آباد، ملکوال، فیروز والا، گجرات اور کامونکی میں بھی رات گئے تیز بارش ہوئی۔

بارش کے باعث مختلف علاقوں میں متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ڈپٹی کمشنررافعہ حیدر نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔

سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، حادثات میں 19 افراد جاں بحق

بھمبر آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ کھیرتھر پہاڑی سلسلے سے بارش کا پانی حب ندی میں داخل ہوگیا۔

حکام کے مطابق حب ندی میں سیلابی ریلہ آنے سے متبادل راستے کو جزوی نقصان پہنچا ہے تاہم متبادل راستے کی مرمت کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، کراچی کے علاقے طارق روڈ، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ پر ہلکی بارش جبکہ ملیر اور کورنگی میں بوندا باندی ہوئی۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی میں 29 جولائی سے برسات کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

راولپنڈی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق

دوسری جانب راولپنڈی میں گزشتہ رات بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں جبکہ ساجد اور ملائکہ کی لاشیں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

گزشتہ رات مصریال روڈ راولپنڈی میں کچے مکان کی چھت گرگئی، چھت گرنے سے گھر میں موجود باپ اور بیٹی جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے باپ اور بیٹی کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق ہونے والوں میں 27 سالہ ساجد اور 7 سالہ ملائکہ شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے باعث گرنے والی مکان کی چھت پرانے طرز پر تعمیر کی تھی۔

lahore

Met Office

Rain

rainy weather

Punjab rain

Rain prediction

HEAVY RAINFALL