Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کا اعترافی بیان معافی کی جانب قدم ہے، خواجہ آصف

عمران خان اقتدار کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، وزیر دفاع
اپ ڈیٹ 24 جولائ 2024 09:35pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کا اعترافی بیان معافی کی جانب پہلا قدم ہے، عمران خان سے کسی بھی بات کی توقع کرسکتے ہیں وہ اقتدار کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی بڑے شاطر آدمی ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ناقابل اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے، وہ اقتدار کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، ابھی تو صرف ابتدا ہوئی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے جس کے بارے میں نازیبا گفتگو کی اس کے پاؤں پڑے، جس کی مثال شیخ رشید، پرویز الہیٰ اور اب مولانا فضل الرحمان ہیں، بانی پی ٹی آئی منتوں ترلوں پر اتر آئے ہیں لیکن اب ان پر اعتبار کرنے والا کوئی نہیں ہے، دنیا جانتی ہے جناح ہاؤس پر لوگ کس کے کہنے پر گئے۔

بنوں واقعے پر عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایات جاری کردیں

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال سے عمران خان اس بات کے انکاری تھی لیکن آج انہوں نے یہ بھی تسلیم کرلیا کہ جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال میں نے ہی دی تھی، میرا یہ خیال ہے کہ انہوں نے یہ بات اس لیے کی ہے کہ کسی طرح معافی تلافی ہوجائے کہ میں نے اپنی غلطی مان لی ہے، اب معافی دے دیں۔

میرے خلاف جی ایچ کیو پر احتجاج کیلئے اکسانے کا بیانیہ بنایا گیا ہے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ اگر یہ معافی مانگ کر سیاسی دھارے کا حصہ بن جاتے ہیں تو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے اور ان کی معافی مانگنے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے لیکن اس قسم کی حرکات اور روایات پاکستان کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔

پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے لیے لوگ اکھٹے نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے انہیں ملتوی کرنی پڑی، جب کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کو حاصل عوامی حمایت بھی ختم ہوجائے گی۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ سیاسی تاریخ میں بڑے خطرناک ٹرینڈز آئے لیکن اس سے خوفناک ٹرینڈ کبھی متعارف نہیں ہوا، جو عمران خان نے کیا ہے، دراصل بانی پی ٹی آئی اقتدار میں آنے کےلیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اگر عمران خان معافی مانگیں تو ہمیں کوئی خطرہ نہیں، اگر یہ معافی مانگ کر سیاسی دھارے کا حصہ بن جاتے ہیں تو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے، اصل میں پانی کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے کہ پانی کتنا گرم ہے۔

PMLN

اسلام آباد

imran khan

Khuwaja Asif

Defence Minister

Khwaja Asif

GHQ Attack

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)