Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور میں مُرغی کے گوشت کو بھی پَر لگ گئے

نرخ 630 روپے فی کلو تک جا پہنچا، عوام پریشان، فروخت گرنے سے دکان داروں کیلئے بھی مشکلات
شائع 22 جولائ 2024 11:36am

لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ نرخ ساڑھے تین سو روپے فی کلو سے 630 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔ چکن کے غیر مستحکم نرخ اس کی فروخت کو بھی بُری طرح متاثر کر رہے ہیں۔

مرغی کا گوشت بھی اب بکرے اور گائے کے گوشت سے مقابلہ کرنے پر تُل گیا ہے۔ دام کم ہوتے ہوتے اچانک بڑھنا شروع کردیتے ہیں۔ عام آدمی اور بالخصوص تنخواہ دار طبقے کی پہنچ سے بھی مرغی کا گوشت اب دور ہوتا جارہا ہے۔

روز افزوں مہنگائی کے باعث لوگ حکمرانوں کو کوس رہے ہیں۔ ان کا شکوہ ہے کہ ریاستی اور حکومتی مشینری معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے برائے نام اقدامات بھی نہیں کر رہی۔

اس صورتِ حال سے دکان دار بھی پریشان ہیں کیونکہ فروخت بُری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ فروخت میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے نتیجے میں اُن کے لیے پولٹری فارمز کے ایجنٹس سے سودے کرنا بھی دشوار ہوتا جارہا ہے۔

فیڈ مہنگی ہوتی جارہی ہے۔ اس کے نتیجے میں چوزے بھی مہنگے ہو رہے ہیں اور مرغی کی قیمت بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اس وقت لاہور کی دکانوں میں مرغی کا گوشت 630 روپے فی کلو تک کے نرخ پر فروخت ہو رہا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت مرغی کے گوشت سمیت اشیائے خور و نوش کے نرخ کنٹرول کرنے پر توجہ دے۔

lahore

CHICKEN RATE FLY HIGH

PEOPLE ANNOYED

DEMAND CONTROL