Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ رشید نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کردی

موجودہ حکمراں حالات اتنے خراب کردیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے، سابق وزیر داخلہ
شائع 15 جولائ 2024 11:33am

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہیں، موجودہ حکمراں حالات اتنے خراب کردیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ میں نے بطور وزیر 5 سال معافی دی، مجھ پر 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو 10 سال ختم نہیں ہوگی، بہتر تھا کہ ہماری 2 ،2 سال جو سزا بنتی ہے وہ دے دیتے تو ہم کاٹ لیتے۔

شیخ رشید نے صنم جاوید کی رہائی کے فوری بعد گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صنم جاوید کو وکیل کے چیمبر سے اٹھایا ہے، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا بھی ستیاناس کر دیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتا ہوں، حکومت بجلی کے نرخ بڑھانے جارہی ہے، کیا آپ اس ملک میں چھینا جھپٹی چاہتے ہیں، آپ حالات اتنے خراب کردیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے۔

میرے تو بیوی بچے بھی نہیں، بجلی کا بل زیادہ آنے پر شیخ رشید پھٹ پڑے

سابق وزیر داخلہ نے تنبیہ کی کہ پاکستان کینیا کی طرف جا رہا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کیا حالات ہیں؟ ملک میں لوگ اس حکومت پر لعنت بھیجتے ہیں، خدا کے لیے یہ اپنی عزت اور ملک بچائیں، ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچالیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ان سے نہیں سنبھل رہی، نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام ذلیل ہونے کے لیے رہ جائے گی، گرمی میں لوگ مر رہے ہیں مگر کسی کو احساس نہیں، 77 لاکھ لوگوں نے ملک چھوڑنے کیلئے پاسپورٹ جمع کرا دیئے ہیں۔

عمران خان کی دوبارہ گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سابق وزیراعظم عمران خان کو کیسے چھوڑیں گے؟ روز کہتے ہیں وہ آ رہا ہے لیکن وہ نہیں آرہا، یہاں قبر ایک اور مردے 3 ہیں، نواز اور شہباز شریف کا بھی اب فیصلہ ہوگا، ایک مشرق دوسرا مغرب کو بھاگے گا، انہوں نے تو اپنے کیسز ختم کرائے ہیں۔

چوروں کو گھر بھیجا جائے اور فوج کے ساتھ مذاکرات کرکے درمیانی راستہ نکالا جائے، شیخ رشید

کوئی بیوقوف ہی سمجھتا ہوگا کہ عمران خان کو رہا کیا جائے گا، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عدلیہ کو سلام ہے، مخصوص نشستوں پر انہوں نے تاریخی فیصلہ کیا ہے، امید ہے کہ عدلیہ ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔

rawalpindi

Sheikh Rasheed

Awami Muslim League

adiala jail

Adiyala Jail

Adyala Jail

Adiayala Jail