Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی جلسے کا این او سی معطل کیس: ’چالیسویں کے بعد آپ کہیں گے کہ سیلاب آ گیا سردی ہو گئی‘

جلسے سے کچھ نہیں ہونا ، چیف کمشنر مسئلے کا حل نکالیں ، چیف جسٹس عامر فاروق
شائع 11 جولائ 2024 01:42pm

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کہا ہے کہ چیف کمشنر پی ٹی آئی والوں سے مشاورت کرکے جلسے کے معاملے کا مستقل حل نکالیں، جلسے میں چالیس پچاس ہزار بندہ آ جائے گا، تقریریں ہوں گی، کچھ نہیں ہونا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے جلسے کا این او سی معطل کرنے کے چیف کمشنر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کے خلاف پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ فروری سے جلسے کا معاملہ چل رہا ہے، اِس میں مسئلہ کیا ہے؟ ڈپٹی کمشنر نے اجازت دی، چیف کمشنر نے منسوخ کر دی، کیا کرنا چاہتے ہیں؟

قائم مقام ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ چیف کمشنر نے جلسے کو معطل کیا ہے، منسوخ نہیں کیا، محرم کے چالیسویں کے بعد جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، اسلام آباد میں آج ہونیوالے جلسے کا این او سی معطل

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ 10 محرم کے بعد کی بات تو سمجھ آتی ہے، 40 تو بہت دور ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں نے شکایات جمع کرائیں ہیں کہ اُن کو نقل و حرکت میں مسئلہ ہو گا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی کمشنر سے مکالمہ کہا کہ آپ کسی کُھلی جگہ اجازت دے دیں اور اگر سیکیورٹی صورتحال آہی گئی تھی تو انہیں بلا کر بتا تو دیتے، چالیسویں کے بعد آپ کہیں گے کہ سیلاب آ گیا، سردی ہو گئی۔

پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں 27 جولائی کو جلسے کی اجازت دے دیں۔

قائم مقام ڈپٹی کمشنر نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈپٹی کمشنر کی واپسی کے بعد 19 جولائی کو کیس سماعت کے لیے رکھ لیں، جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چیف کمشنر کو ڈائریکشن دے دیتا ہوں کہ وہ ان سے مل لیں، وہ آپ کے سینئر ہو سکتے ہیں لیکن میرے تو نہیں ہیں، مجھے آپ کی تجویز نہیں چاہئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ پہلے بھی عدالت نے آرڈر کیا، جس طرح چل رہا ہے یہ کوئی مستقل حل نہیں، اِن کو بلا کر مشاورت کریں اور معاملے کا مستقل حل نکالیں، جلسے میں 40 سے 50 ہزار بندہ آ جائے گا اس سے کچھ نہیں ہونا، جلسہ ہو گا، تقریریں ہوں گی، ان سے کچھ نہیں ہونا، سمجھ لیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کوئی غلط تقریر کرے این او سی کی خلاف ورزی ہو تو آپ اُسے ذمہ دار ٹہرا سکتے ہیں، میں کیس پیر کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کر رہا ہوں۔

قائم مقام ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ہمیں سسٹم کے تحت ہی چلنا ہوتا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں سسٹم کو جانتا ہوں، میں بھی اسی سسٹم کی پیداوار ہوں، سیدھا ولادت سے یہاں لینڈ نہیں کیا، میں کیس کو پیر کے لیے دوبارہ مقرر کر رہا ہوں۔

بعد ازاں، کیس کی سماعت پیر 15 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ کریں گے۔

انتظامیہ کی طرف سے اسلام آباد کا جلسہ معطل کرنا پی ٹی آئی کی فتح ہے، بیرسٹر سیف

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں، جلسہ عمران خان کی رہائی کے لیے اور مہنگائی کے خلاف ہوگا، اسلام آباد میں جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا، عوام اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر صورت اس میں شرکت کریں۔

تاہم 5 جولائی کو اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کا این او سی معطل کر دیا تھا، اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال اور محرم الحرام کے باعث این او سی معطل کیا گیا ہے، جب کہ این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

بعد ازاں، 6 جولائی کو پی ٹی آئی نے جلسے کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) معطل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

PTI jalsa

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa noc