Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
14 Rabi ul Awal 1446  

کراچی: وزیرداخلہ کی داؤدی بوہرہ جماعت کے سربراہ سے ملاقات، محرم کی سیکیورٹی کا جائزہ

محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
شائع 11 جولائ 2024 10:57am

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورہ کراچی کے دوران داؤدی بوہرہ جماعت کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی، انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا، برہانی محل میں وزیر داخلہ نے داؤدی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین اور ان کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین سے ملاقات کی جبکہ محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، داؤدی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔

اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔

بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے سیکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا جبکہ وزیرداخلہ نے مولانا عقیل الغربی اور سابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں، وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔

مولانا عقیل الغربی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

Interior Minister

karachi

محرم

mohsin naqvi

Bohra Community

9th and 10th Muharram

MUHARRAM UL HARAAM

Dawoodi Bohra community