Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو بچانا چاہتی ہے تو شفاف انتخابات ہی حل ہے، عمران خان

ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کیلئے رکھا گیا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2024 02:23pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لیے رکھا گیا ہے، ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے اگر اسٹیبلشمنٹ کو پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا، شفاف الیکشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاؤہ کوئی راستہ نہیں، موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ہے، کسی کو اس حکومت پر بھروسہ نہیں رہا، ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ملک کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ اس الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے، چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف کے لیے الیکشن کمیشن بھیج رہا ہے، سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کرائے، قاضی فائز عیسیٰ ہمیں کہہ رہا ہے انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کرائے، کیا چیف جسٹس کو نہیں معلوم ہماری ساری پارٹی انڈر گراؤنڈ تھی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کہہ رہی ہے پاکستان میں فراڈ الیکشن ہوئے ہیں، میڈیا کو دبانے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

نیب ترامیم کیس: عمران خان کا چیف جسٹس پر اعتراض، کیس سے الگ ہونے کی استدعا

اس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ شفاف انتخابات کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے مخاطب ہیں اس کا مطلب آپ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں؟ جس پر سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لیے رکھا گیا ہے، شفاف الیکشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل فیصلے وہ کرتا ہے جس کے پیچھے عوام کھڑی ہو، 2021 میں ملک کا قرضہ 28 کھرب تھا، 4 سال میں ملک کے قرضے 80 سے 90 کھرب تک پہنچ گئے، جس غریب کا 2 ہزار کا بل آتا تھا اب اس کا 10 ہزار بل آتا ہے، ساری اشرافیہ کے پیسے باہر پڑے ہیں۔

سویلین ٹرائلز کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے عمران خان نے دریافت کیا کہ کون سی جمہوریت میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائلز ہوتے ہیں؟ مجھے اس طرح ٹریٹ کیا جارہا ہے جیسے میں نے پاکستان میں سب سے بڑی غداری کی ہو، سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہماری انسانی حقوق اور 8 فروری کی پٹینشز بھی کیوں نہیں سنی جارہی؟

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جمہوریت اخلاقی رویوں پر چلتی ہے، جمہوریت آزادی کا نام ہے، جہاں جمہوریت آزاد ہوتی ہے وہی ملک پرواز کرتا ہے مگر ہمارے ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا، آپ کب بھول ہڑتال کریں گے، جس کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ضرور بھول ہڑتال کروں گا، ابھی کچھ فیصلوں کا انتظار ہے۔

پرویز خٹک کے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بیان قلمبند کروانے پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ کچھ خاص نہیں بولا،اس پر بعد میں جرح کے وقت بات کریں گے۔

rawalpindi

imran khan

PM Shehbaz Sharif

Adiyala Jail

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

Adiayala Jail