Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

کے پی میں ناقص کارکردگی اور مالی بحران کی شکار 14 جامعات کو بند کرنے کی تجویز

ٹاسک فورس کے فیصلوں کی کابینہ سے منظوری لی جائے گی
اپ ڈیٹ 09 جولائ 2024 06:26pm

خیبرپختونخوا میں ناقص کارکردگی اور مالی بحران کی شکار 14 جامعات بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ جامعات کی ٹاسک فورس کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم نے جامعات کی کارکردگی اور معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ ٹاسک فورس کے فیصلوں کی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو اجلاس میں بات چیت ہوئی جبکہ 11 جولائی کو حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور صوبائی ٹاسک فورس برائے اعلیٰ تعلیم میں ہونے والے فیصلوں کی بھی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس کے باعث ناقص کارکردگی اور مالی بحران کی شکار 14 جامعات بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے اور ٹاسک فورس کمیٹی نے 14 یونیورسٹیوں کی کارکردگی اور معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی ٹاسک فورس برائے اعلیٰ تعلیم کی گزشتہ دو میٹنگز جامعات کو بحران سے نکالنے کیلئے بات چیت ہوئی، تاہم 11 جولائی کو کمیٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کا مؤقف

خیبرپختونخوا میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی سے آج نیوز نے جامعات میں کمی کا پوچھا تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم اس پر کام کررہی ہے اور ان کی تجاویز کو دیکھا جائے گا، جس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا میں جامعات کی بندش کی تجویز کو سراہتے ہوئے فپواسا (فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عزیر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ماضی میں بغیر ضرورت کے سیاسی بنیادوں پر جامعات بنائی گئیں جس کی وجہ سے مالی مشکلات شدید ہوگئیں، کیونکہ ایچ ای سی سے جامعات کے لئے فنڈز کے اجراء میں اضافہ نہیں ہوا اور صوبے میں یونیورسٹیوں کی تعداد بڑھتی رہی۔

ڈاکٹر عزیر کا کہنا تھا کہ فپواسا نے گزشتہ سال ایک میٹنگ میں یہ قرارداد منظور کی تھی جس کے تحت صوبے میں جامعات کی تعداد کم کرکے ہی مالی مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے اور یہ تجویز صوبائی حکومت کے سامنے فپواسا نے ہی رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی ایچ ای سی کے قیام اور حکومت کی جانب سے جامعات کے لئے فنڈز مختص کرنا بھی ناگزیر ہے۔

پاکستان

peshawar