Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں تنخواہ نہ ملنے پر ملازم نے سافٹ ویئر کپمنی کے سی ای او کا قتل کردیا

مقتول کی شناخت نوید خان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ایک سافٹ ویئر کمپنی کا سی ای او تھا۔
اپ ڈیٹ 09 جولائ 2024 11:17pm

کراچی میں تنخواہ نہ دینے کے تنازع پر ملازم نے سافٹ ویئر کمپنی کے سی ای او کا قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ شارع فیصل پر واقع کاوش کراؤن پلازہ کے اندر آفس میں پیش آیا۔ مقتول کی شناخت نوید خان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ایک سافٹ ویئر کمپنی کا سی ای او تھا۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ کمپنی کے سابق ملازم نے لین دین کے معاملے پر قتل کیا ہے جبکہ لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے اور اس معاملے پر مزید تحقیقات جاری ہے۔

اس حوالے سے لواحقین نے بتایا کہ مقتول نوید خان غیر ملکی سافٹ وئیر کمپنی یورو سافٹ کے پاکستان آفس کا سی ای او تھا، ملزم شعیب کمپنی کا سابق ملازم تھا۔

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل میں گرفتارگولڈ میڈلسٹ ارتقا کا قاتل عدالت سے فرار

مقتول کے بھائی نے بتایا کہ شام کے وقت ملزم شعیب دفتر آیا اور نوید کے کمرے میں داخل ہوا، جھگڑے کے دوران ملزم نے تیز دھار آلے کے وار کرکے نوید کو شدید زخمی کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ نوید خود کو جان بچانے کی خاطر دفتر سے باہر نکلا اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

مقتول کے بھائی نے بتایا کہ ہیڈ آفس سے کسی بھی ملازم کی تنخواہ نہیں آئی تھی، ملزم آلہ قتل سمیت دفتر میں ہی موجود تھا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔

واقعہ کا مقدمہ مقتول کے بھائی امتیاز خان کی مدعیت میں ٹیپو سلطان تھانے میں درج کر لیا گیا۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم شعیب بھائی کے دفتر میں داخل ہوا اور تنخواہ کے معاملے پر تلخ کلامی کرنے لگا، تلخ کلامی کے بعد ملزم نے چھری کے وار سے نوید کو زخمی کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم بھی سافٹ وئیر انجینئیر تھا اور مقتول نوید خان بھی سافٹ وئیر انجینئر تھا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتول چھ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر اور تین بچوں کا باپ تھا۔

پاکستان

BRUTAL KILLING

IT firm