Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، دونوں گروپس کو جیل بلایا ہے، عمران خان

جیل سے باہر نکلوں گا تو پھر پارٹی میں واپسی کے معاملات کو خود دیکھوں گا، عمران خان
شائع 02 جولائ 2024 04:50pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا امریکی کانگریس میں پاکستانی انتخابات کے حوالے سے منظور قرارداد پر کہنا ہے کہ امریکیوں کو رپورٹس آرہی ہوتی ہیں جو وہ خود اکٹھی کرتے ہیں، امریکی کانگریس نے پوری تحقیق کے بعد یہ قرارداد پیش اور منظور کی ہے۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں الیکشن میں مبینہ بے ضابطگیوں پر امریکی کانگرس نے قرارداد منظورکی ، 85 فیصد کانگریس اراکین نے قراداد کی حمایت میں ووٹ دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی اور طاقتور اسرائیلی لابی ہے وہ بھی آج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کروا سکی ۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرلی

انہوں نے کہا کہ میں آج بھی ایبسولیوٹلی کے موقف پر کھڑا ہوں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کا بھی میرے بارے میں بیان آیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پلڈاٹ، فافن اور پٹن کی رپورٹس میں دھاندلی کی تصدیق کی گئی، چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کو کوور کرنے کے لیے لگایا گیا ہے، سارا ملک کہہ رہا ہے کہ فراڈ الیکشن کروایا گیا، ساری دنیا وہی کہہ رہی ہے جو کمشنر پنڈی اور سابق وزیراعظم کاکڑ نے حنیف عباسی کو کہا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ریٹائرڈ ججز کو ٹریبیونل میں تعینات کرکے مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جھوٹ پر چل رہی ہے، وزیر داخلہ فراڈ اور سفارشی ہے اس نے کرکٹ کے ساتھ کیا کیا، کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو سب سے پہلے محسن نقوی کو نکالیں جو سفارش پر چل رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر یہ حکومت رہ گئی تو لکھ لیں اگلے بجٹ میں قرض مزید بڑھ جائیں گے، غربت ٹیکس بڑھ جائے گا، ملک کے اخراجات بڑھ جائیں گے اور امدن بہت کم ہو جائے گی۔

عمران خان کی نظر بندی یکطرفہ اور بین الاقوامی قانون کیخلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ ورکنگ گروپ

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو صرف اورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری ہی بچا سکتی ہے کیونکہ ان کے پاس ڈالرز پڑے ہیں، موجودہ حالات کے باعث پروفیشنل ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں، یہ ایسی پارٹی ہے جو اپنے ووٹ کی طاقت پر بنی اور قائم ہوئی، پی ٹی آئی سے مضبوط جماعت ملک میں موجود نہیں اس میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اختلافات کی بنیاد غلط فہمی ہے، جمعرات کو دونوں گروپس کو ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل بلا لیا ہے، کچھ لوگوں نے تشدد کے باعث پارٹی چھوڑی اور کچھ نے فائلیں دیکھ کر، دونوں کے الگ الگ کیسز ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جب جیل سے باہر نکلوں گا تو پھر پارٹی میں واپسی کے معاملات کو خود دیکھوں گا، پارٹی میں اختلافات کوئی بڑا مسئلہ نہیں عمر ایوب کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کا کردار دیکھے، کسی بھی جمہوریت میں ایک پارٹی کی سیٹ دوسرے کو نہیں دی جا سکتی یہ کہیں نہیں ہوتا۔

صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ وزیراعظم سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں؟

جس پر انہوں نے جواب دیا کہ شہباز شریف کے پاس مذاکرات کے لیے ہے کیا کہ اس سے بات چیت کی جائے۔

مخصوص نشستوں کا کیس: ثابت ہوچکا الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کی، سپریم کورٹ

صحافی نے سوال کیا کہ امریکی قرارداد کو ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیں گے؟

جس پر ان کا کہنا تھا کہ میں آج بھی سائفر کے معاملے پر اپنے بیان پر قائم ہوں، میں نے کہا تھا کہ امریکہ نے حکومت گرانے کی دھمکی دی ہے، امریکہ نے ہماری حکومت ہی گرا دی۔

imran khan

Adiyala Jail

PTI Forward Block